بالی ووڈ سٹار سلمان خان بھی شوٹرز کے نشانے پر آگئے


بھارت میں پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کی موت کے بعد دیگر فنکاروں کو بھی قتل کی دھمکیاں ملنا شروع ہو گئی ہیں، حال ہی میں معروف اداکار سلمان خان اور ان کے والد کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز خط سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو بھیجا گیا ہے، ممبئی پولیس نے خط کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ کہ کہ سدھو کی طرح تم لوگوں کو بھی اسی طرح اگلے جہان پہنچایا جا سکتا ہے۔ خیال رہے سلمان خان کو دھمکی آمیز خط پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے چند دنوں کے بعد موصول ہوا ہے، خط اس جگہ سے ملا ہے جہاں سلمان خان صبح واک کرنے کے بعد عموماً سستاتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ خط سلمان خان کے گارڈ کو ملا ہے، باندرا پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر دیا ہے، خیال رہے سلمان خان کو اس سے قبل بھی دھمکی آمیز کالز اور خطوط ملتے رہے ہیں۔
تب مبینہ طور پر گینگسٹر لارنس بشنوئی نے بھی سلمان خان کو قتل کی دھمکی دی تھی، بشنوئی نے راجستھان کے شہر جودھ پور میں عدالت میں پیشی کے دوران کہا تھا کہ سلمان خان کو یہاں جودھ پور میں قتل کیا جائے گا، اس کے بعد ہی انہیں ہماری اصل شناخت کے بارے میں پتہ چلے گا۔ یاد رہے کہ بھارتی پنجاب کے مقبول ترین گلوکار شبھ دیپ سنگھ عرف سدھو موسے والا کو پنجاب کے مانسا ضلع میں اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جب وہ اپنے رشتہ دار سے ملنے قریبی گائوں جا رہے تھے، پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کی ہے۔

Related Articles

Back to top button