فہد مصطفیٰ کا چھوٹی سکرین سے دل کیوں اُکتا گیا؟

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ میں جس قسم کا کام کیا، اتنا اچھا پرفارم انہوں نے کبھی بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’قائدِاعظم زندہ باد‘‘ پاکستان کی فلمی دنیا میں ایک نیا ٹرینڈ متعارف کرانے جا رہی ہے۔
فہد مصطفیٰ کے مطابق ایک فہد وہ تھا جو ٹی وی پر ایک وقت میں ایک ہی ڈرامہ کرتا تھا، پھر وہ فہد سامنے آیا جو ’’جیتو پاکستان‘‘ کے ذریعے ہر گھر میں پہنچ گیا اور اب قائدِ اعظم زندہ باد میں وہ فہد مصطفی ہے جس سے میں بھی پہلی بار ہی ملا ہوں۔
اداکار کا کہنا ہے کہ سینما میں اب وہی فلمیں کامیاب ہوں گی جو لوگوں کو سنیما کا صحیح تجربہ دیں گی، انہوں نے کہا کہ ’’ٹاپ گن‘‘ کا سیکوئل ہو یا ’’جراسک ورلڈ‘‘ سیریز کی آخری فلم، لوگ اب سنیما کا رخ تفریح کی غرض سے کر رہے ہیں اور ’’قائدِاعظم زندہ باد‘‘ میں ہم نے یہی کوشش کی کہ شائقین کو ایسی فلمیں بنا کر دکھائیں جن کے ہر شاٹ کو دیکھ کر وہ یہ کہہ سکیں کہ ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا۔
یاد رہے کہ فہد مصطفیٰ کی آخری دو فلمیں 2018 میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہوئی تھیں اور ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ اور ’’جوانی پھر نہیں آنی ٹو‘‘ نامی ان فلموں میں ان کی اداکاری کو خاصا پسند کیا گیا تھا، اب چار برس بعد فلم سکرین پر کم بیک کرنے کے حوالے سے فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ ایسا نہیں تھا کہ اس دوران انہیں فلموں کی آفر نہیں ہوئی، لیکن ان کی خواہش تھی کہ وہ ‘قائدِاعظم زندہ باد’ کے ذریعے ہی سنیما میں کم بیک کریں کیونکہ اس میں وہ سب کچھ ہے جو کہ لوگ دیکھنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کے قائد اعظم زندہ باد میں فہد کے ساتھ ماہرہ خان نے بطور ہیروئن کام کیا ہے۔ فہد نے اپنے کیرئیر کا آغاز ٹیلی ویژن کے ذریعے کیا لیکن اب وہ ڈراموں میں تو نہیں نظر آتے مگر شائقین ان کے پروڈیوس کردہ ڈراموں کو دیکھتے ضرور ہیں، ڈراموں میں کام نہ کرنے کے حوالے سے اداکار کا کہنا ہے کہ خود کو بڑے پردے پر دیکھنے کے بعد اب ٹی وی پر اداکاری کرنے کا شوق باقی نہیں رہا۔
فہد مصطفیٰ نے ایک دلچسپ واقعہ سنایا کہ جب وہ ڈراموں میں کام کر رہے تھے تو بیک وقت تین ڈرامے ایک ہی لوکیشن، ایک ہی کمرے اور ایک ہی بیڈ پر شوٹ ہو رہے تھے اور ہدایت کار انہیں اداکاری کرنے کو کہتا تھا، یہی وجہ تھی کہ انہوں نے ڈراموں سے تنگ آ کر فلموں کا رخ کیا۔
اداکار کے مطابق ایک جیسے کام سے بچنے اور کچھ نیا کرنے کے لیے فلموں کا رخ کیا اور فلموں نے انہیں اپنے اندر کے اداکار کو چیلنج کرنے کا وہ موقع دیا جو ٹی وی پر نہیں مل رہا تھا، فہد مصطفیٰ اب ٹی وی اسکرینز پر اپنے گیم شو ‘جیتو پاکستان’ کی میزبانی کرتے دکھائی دیتے ہیں، ‘جیتو پاکستان ‘ کی وجہ سے وہ ٹی وی پر کافی متحرک نظر آتے ہیں، انکا کہنا ہے کہ انہیں جتنا پیار میزبانی کرتے ہوئے ملا اتنا ٹی وی پر اداکاری سے بھی نہیں ملا۔ فہد مصفطیٰ نے گزشتہ چند برسوں کے دوران ایسے کئی ڈرامے پیش کیے جو مقبول تو ہوئے ہی لیکن ان پر کئی اعتراضات بھی اٹھے، ان کے پروڈیوس کردہ ڈرامے ‘نند’ اور ‘جلن’ کے ساتھ ساتھ ‘ڈنک’ کو سول سوسائٹی کی جانب سے تنقید اور پیمرا سے نوٹس کا سامنا کرنا پڑا۔