اداکارہ انوشے اشرف کا مداح کو نفس پر قابو رکھنے کا مشورہ


معروف اداکارہ اور ماڈؒل انوشے اشرف نے اپنے مداحوں کو گناہوں سے بچنے کا مستند طریقہ بتا دیا ہے۔ انوشے نے گناہوں سے بچنے کا طریقہ پوچھنے والے ایک سوشل میڈیا مداح کو مشورہ دیا کہ وہ پہلے خدا سے رجوع کرے اور پھر ماہرین صحت سے بھی رابطہ کرے۔ اس کے علاوہ انوشے اشرف نے اپنے مداح کو یہ مشورہ بھی دیا کہ گناہوں سے بچنے کا سب سے مستند فارمولا یہ ہے کہ انسان خود پر اور اپنے نفس پر قابو رکھے۔ اداکارہ نے حال ہی میں انسٹا گرام پر اپنے مداحوں کے سوالات کے جواب دیئے، اس دوران ایک مداح نے انہیں کہا کہ انہیں کتے اور بلیاں پالنے کا بہت شوق ہے مگر وہ صفائی کے معاملے میں سست ہیں، اس پر اداکارہ نے انہیں جواب دیا اور بتایا کہ بلیاں سمجھدار ہوتی ہیں، وہ جلد سیکھ جاتی ہیں، وہ اتنا تنگ نہیں کرتیں۔ اسی طرح ایک مداح نے اداکارہ سے ملکی حالات پر مایوسی کا اظہار کیا تو انوشے نے انہیں اُمید نہ کھونے کا مشورہ دیا اور بتایا کہ کبھی انہیں بھی لگتا تھا کہ ہم پاکستانی لوگ فضول میں 14 اگست کو جشن آزادی مناتے ہیں لیکن اگر ہم ہی ہمت ہار جائیں گے تو ہمارے بچوں کا کیا ہوگا؟

ایک مداح نے ان سے اپنے باس سے تنخواہ بڑھوانے کے لیے مشورہ مانگا تو اداکارہ نے کہا کہ اگر ان کے باس ان کے کام سے متاثر نہیں ہو رہے تو وہ انہیں ایموشنلی بلیک میل کریں، ساتھ ہی انہیں تجویز دی کہ وہ باس کو بتائیں کہ وہ کتنی محنت سے کام کرتے ہیں اور انہیں پیسوں کی ضرورت ہے، اس لیے ان کی تنخواہ بڑھائی جائے۔ ایک مداح نے انہیں بتایا کہ وہ بھارتی لڑکی کو پسند کرتے ہیں مگر ان کے والدین دشمن ملک کی لڑکی کو بہو کے روپ میں دیکھنے کو تیار نہیں، تو اس ضمن میں کیا کریں؟ انوشے اشرف نے انہیں بتایا کہ وہ اپنے والدین کو بہترین انداز میں سمجھائیں، اگر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا ایک دوسرے سے شادی کر سکتے ہیں تو ہم سب بھی کر سکتے ہیں۔ اداکارہ نے اسی حوالے سے مزید لکھا کہ یہ جنوبی ایشیائی والدین ایسے ہی ہوتے ہیں، بچوں کی پسند کا خیال نہیں کرتے، اسی طرح ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ وہ ایسی لڑکی کو پسند کرتے ہیں جو دوسرے فرقے سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے والدین اس حوالے سے راضی نہیں ہو رہے، وہ کیا کریں؟ اس پر اداکارہ نے انہیں جواب دیا کہ یہ ہمارے سماج کا المیہ ہے کہ ہم فرقوں کو برداشت نہیں کرتے، اداکارہ نے مداح کو کہا کہ کوشش کریں کہ وہ ایسے شخص کو پسند کریں، جن کے عقائد ان جیسے ہی ہوں تاکہ وہ زندگی میں مزید مشکلات سے بچ سکیں۔

انوشے اشرف نے تجویز دی کہ وہ اس معاملے پر اپنے بہن بھائیوں سے مشورہ کریں کہ انہیں کیا کرنا چاہئے، پھر بہترین راستہ تلاش کر کے والدین سے بات کریں۔ اداکارہ سے ایک شخص نے گناہوں سے بچنے کا طریقہ پوچھا اور انہیں بتایا کہ وہ نہ چاہتے ہوئے بھی گناہ کر بیٹھتے ہیں، جس پر انہیں شرمساری بھی ہوتی ہے۔ اس پر انوشے نے انہیں تجویز دی کہ وہ خود پر قابو پانا سیکھیں اور دیکھیں کہ اگر ان کا گناہ کسی کو تکلیف پہنچا رہا ہے تو اسے فوری طور پر ترک کر دیں، انہون نے مداح کو ذہنی معالج سے مشورہ کرنے سمیت دیگر طرح کے ذہنی سکون فراہم کرنے والے کام کرنے کا بھی کہا۔ انوشے اشرف نے اسے یہ تجویز بھی دی کہ اگر ان کے گناہ ان کے مذہب اور عقائد کے متصادم ہیں تو وہ خدا سے رجوع کریں، وہ نہ شرمائیں، خدا سب کے گناہ معاف کرنے والے ہیں اور خدا بھی ان کی ہی مدد کرتا ہے جو خود اپنی مدد کرتا ہو۔

Related Articles

Back to top button