2023 میں شاہ رخ خان کی اکٹھی 3 فلمیں ریلیز کو تیار


ایک لمبے وقفے کے بعد سال 2023 میں بالی ووڈ کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان کی ایک دو نہیں بلکہ تین نئی فلمیں پٹھان، جوان اور ڈنکی ریلیز ہونے جا رہی ہیں۔ کنگ خان نے آئندہ سال ریلیز ہونے والی اپنی تین میں سے ایک فلم ’’جوان‘‘ کا ٹریلر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا ہے جس پر ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ یہ فلم 2 جون 2023 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، شاہ رخ خان کی جانب سے نئی فلم کے اعلان کے فوراً بعد ہی ٹوئٹر پر ان کے مداح بھی متحرک ہوگئے ہیں۔

جاوید نامی صارف لکھتے ہیں کہ بادشاہ بالی ووڈ پر حکمرانی کے لیے واپس آ چکا ہے، مہران کہتے ہیں کہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ 2023 شاہ رخ خان کی واپسی کا بڑا سال ہوگا، پٹھان، جوان اور ڈنکی تینوں بہترین فلمیں لگ رہی ہیں۔ انوشمن کہتے ہیں کہ شاہ رخ خان لگاتار تین فلموں کی ریلیز کے باعث 2023 میں بالی ووڈ سینما سکرینز پر راج کریں گے۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ کنگ ایک طویل عرصے بعد بڑی سکرین پر واپس آ رہے ہیں، ان کی آخری فلم زیرو 2018 میں ریلیز ہوئی تھی جو ہٹ نہ ہو سکی تھی، شاہ رخ خان 19 برس بعد ایک سال میں تین فلمیں کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے 2003 میں شاہ رخ خان کی ایک سال میں تین فلمیں ریلیز ہوئی تھیں جس میں ’سوادیس‘، ’ویر زارا‘ اور ’میں ہوں نہ‘ شامل تھیں، یہ تینوں فلمیں سپر ہٹ ثابت ہوئی تھیں۔ شاہ رخ خان کی 2023 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم پٹھان ہوگی جو سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے۔ اس کے بعد شاہ رخ خان اور جنوبی بھارت کے ہدایت کار ایٹلی کمار کی فلم ’جوان‘ ریلیز کی جائے گی جبکہ سب سے آخر میں راج کمار ہرانی کے ساتھ شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ ریلیز ہوگی۔

Related Articles

Back to top button