6 سال کی تاخیر کے بعد ‘چوہدری’ اور ‘رہبرا’ فلمیں ریلیز


چھ برس کی تاخیر کے بعد بالآخر احسن خان اور عائشہ عمر کی رومانٹک کامیڈی فلم ’رہبرا‘ کے علاوہ کراچی پولیس کے شہید انکاؤنٹر سپیشلسٹ چوہدری اسلم کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’چوہدری‘ کو بھی ریلیز کردیا گیا ہے، ان دونوں فلموں کو 2016 میں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد 2017 میں ان پر کام شروع کیا گیا لیکن مالی مسائل کی وجہ سے ان کی شوٹنگ تاخیر کا شکار رہی۔ دونوں فلموں کو ہر حال میں 2019 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر ایسا نہ ہوپانے پر انہیں 2020 میں ریلیز کیے جانے کا امکان تھا مگر پھر پاکستان میں کرونا کی وبا آنے کے باعث ان کی نمائش ملتوی ہوئی۔ اب ان دونوں فلموں کو سینماؤں میں پیش کر دیا گیا ہے۔

دونوں فلموں کو جون کے اختتام پر سینماؤں میں پیش کیا گیا اور لوگوں کی جانب سے دونوں کو بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ رومانٹک کامیڈی فلم سے عائشہ عمر اور احسن خان نے بھی طویل عرصے بعد بڑے پردے پر واپسی کی ہے اور ان کی جوڑی کو فلم میں بہت سراہا جا رہا ہے۔ اس سے قبل احسن خان کی عید الفطر پر ’چکر‘ بھی ریلیز ہوئی تھی جب کہ عائشہ عمر کی فلم ’جاوید اقبال‘ بھی جلد ریلیز ہونے کا امکان ہے۔رہبرا‘ کی ہدایات امین اقبال نے دی ہیں جب کہ اسے سارا افضل نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کی دیگر کاسٹ میں صبا فیصل اور سینیئر اداکار شامل ہیں۔

’چوہدری‘ فلم میں سندھ پولیس میں 30 سال تک خدمات سر انجام دینے والے چوہدری اسلم کی زندگی کو دکھایا گیا ہے جنہیں دہشت گردوں نے ایک کار بم دھماکے میں شہید کر دیا تھا۔ اپنے پروفیشنل کیریئر میں متعدد مشکلات، کیسز اور تنازعات کا سامنا کرنے والے افسر چوہدری اسلم کو 9 جنوری 2014 میں ایک خودکش حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کی شہادت کے دو سال بعد ہی ان کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مختلف مسائل کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہنے والی فلم ’چوہدری‘ کو رواں برس مئی میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر اسے بھی جون میں ریلیز کیا گیا۔ ’چوہدری دی مارٹر‘ نامی فلم کی ہدایات عظیم سجاد نے دی ہیں، اس کہانی ذیشان جنید نے لکھی ہے جب کہ اسے نیہا لاج نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم میں شمعون عباسی، ارباز خان،عدنان شاہ ٹیپو، زارا عابد، اصفر مانی اور ثنا فخر نے کام کیا ہے۔

Related Articles

Back to top button