ہالی ووڈ فلم ’’اوتار ٹو‘‘ نے کمائی کا نیا ریکارڈ بنا دیا

ہالی ووڈ فلم ’’اواٹار: دی وے آف واٹر‘‘ سب سے زیادہ کمائی کرتے ہوئے بین الاقوامی چارٹ پر نمبر ون پوزیشن پر آ گئی ہے، اواٹار نے ’’سپائیڈر مین نو وے‘‘ کو اس فہرست میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی فلم اواٹار اب تک دنیا بھر میں 2 ارب ڈالرز کما چکی ہے۔ اس طرح یہ فلم سپائیڈر مین کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ کمانے والی چھٹی فلم بن گئی ہے۔
اب اواٹار سیریز کی دوسری فلم 2 ارب ڈالرز کے سنگ میل کی جانب بڑھ رہی ہے، یہ سنگ میل اب تک صرف 5 فلمیں ہی حاصل کرسکی ہیں جن میں اواٹار (2.9 ارب ڈالرز)، ایوینجرز اینڈ گیم (2.79 ارب ڈالرز)، ٹائی ٹینک (2.2 ارب ڈالرز)، سٹار وارز دی فورس اویکن (2.069 ارب ڈالرز) اور ایوینجرز انفٹنی وار (2.04 ارب ڈالرز) شامل ہیں۔ اگر اواٹار دی وے آف واٹر 2 ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب ہوتی ہے تو یہ کرونا وائرس کی وبا کے بعد اہم سنگ میل حاصل کرنے والی پہلی فلم ہوگی جبکہ ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی مجموعی طور پر تیسری فلم ہوگی۔
16دسمبر 2022 کو ریلیز ہونے والی فلم اواٹار: دی وے آف واٹر 6 ہفتوں سے بھی کم وقت میں شمالی امریکا میں 57 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز جبکہ باقی دنیا میں 1.35 ارب ڈالرز کا بزنس کرچکی ہے۔ خیال رہے کہ اواٹار کو 2009 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس کا دوسرا حصہ 13 سال بعد ریلیز کیا گیا، اواٹار: دی وے آف واٹر کی تیاری میں 46 کروڑ ڈالرز خرچ ہوئے اور اسے دنیا کی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔
’اواٹار‘ ایک دہائی تک یعنی 2019 تک دنیا کی ہر وقت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم رہی تھی مگر اس کے بعد اس کی کمائی کا ریکارڈ ’اوینجرز اینڈ گیم‘ نے توڑا تھا۔ اس بار اواٹار کی پہلی فلم کے کردار اپنے خاندان کو بچانے کی جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ فلم کے کرداروں کو زیر آب زندگی گزارتے اور سمندری حیات پر سواری کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ ’اواٹار: دی وے آف واٹر‘ میں پہلی فلم کے تمام کرداروں کے علاوہ مزید نئے کردار بھی شامل کیے گئے ہیں اور نئی فلم میں کیٹ ونسلیٹ بھی موجودہیں۔
کرائے کی کوکھ سے بچی پیدا کروانے پر پریانکا چوپڑا پر تنقید