سلمان خان کے دوسرے بھائی سہیل خان کی بھی طلاق ہو گئی

بولی ووڈ سپر سٹار سلمان خان کے چھوٹے بھائی اداکار سہیل خان کی اہلیہ سیما خان ساجدے نے بھی 24 برس کی ازدواجی زندگی کے بعد اپنی شادی ختم ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ سیما خان ساجدے نے 1998 میں سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان سے شادی کی تھی اور دونوں کو دو جواں سالہ بیٹے نروان اور یوہان ہیں۔ نرواں کی پیدائش 2000 میں ہوئی تھی جب کہ یوہان کی پیدائش سروگیسی کے ذریعے 2003 میں ہوئی تھی۔ سیما خان ساجدے اور سہیل خان کے درمیان 2020 میں علیحدگی کی خبریں تب آئیں جب کرن جوہر کی جانب سے پروڈیوس کردہ ریئلٹی ویب سیریز ‘دی فیبولس لائیو آف بولی ووڈ وائیوز’ ریلیز ہوئی تھی۔ اس سیریز کی کہانی بولی ووڈ جوڑیوں کی نجی زندگی اور تعلقات پر مبنی تھی اور اس میں سہیل خان اور سیما خان کی کہانی بھی شامل تھی۔ اسی ویب سیریز میں دکھایا گیا تھا کہ سہیل خان اور سیما خان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی ہے، جس کے اگلے سال ہی دونوں نے علیحدگی کا عمل شروع ہونے کی تصدیق کردی تھی۔

سیما خان اور سہیل خان کو رواں برس مئی میں ممبئی کی فیملی کورٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا اور اس حوالے سے ہندوستان ٹائمز نے بتایا تھا کہ دونوں نے طلاق کی درخواست دائر کردی ہے۔اور اب سیما خان ساجدے نے پہلی بار اپنی شادی طلاق پر ختم ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ بولی ووڈ ببل سے بات کرتے ہوئے سیما خان ساجدے نے مبہم انداز میں بتایا کہ جیسے جیسے ان کی عمر بڑھ رہی تھی، ویسے ویسے ان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوتے جا رہے تھے، جس وجہ سے انہوں نے علیحدگی اختیار کرلی۔ دوران انٹرویو اگرچہ انہوں نے اپنی شادی ختم ہونے کی بات کی مگر انہوں نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ ان کے درمیان قانونی طور پر بھی طلاق ہو چکی یا تاحال معاملہ زیر سماعت ہے۔

اداکارہ آمنہ الیاس کا فلموں میں آئٹم سانگ کا دفاع

سیما خان ساجدے کا کہنا تھا کہ ان کی اور سہیل خان کی شادی کبھی روایتی رہی ہی نہیں تھی، وہ غیر روایتی میاں اور بیوی تھے۔ ان کے مطابق ان کی شادی ختم ہونے پر ان کے بچے اور وہ بھی خوش ہیں اور وہ اب زندگی کے اس مقام تک پہنچ چکی ہیں، جہاں انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کے بارے میں کون کیا سوچتا ہے؟ انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ وہ اور سہیل خان مشترکہ طور پر بچوں کی پرورش کر رہے ہیں۔

سیما خان ساجدے ‘دی فیبولس لائیو آف بولی ووڈ وائیوز’ کے جلد ریلیز ہونے والے دوسرے سیزن میں بھی دکھائی دیں گی۔ سہیل خان اور سیما ساجدے سے قبل سلمان خان کے دوسرے بھائی اداکار ارباز خان کی شادی بھی 2017 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔ ارباز خان اور ملائیکا اروڑا کے درمیان بھی 24 سال تک شادی رہی اور سہیل خان اور سیما خان بھی اتنا ہی عرصہ رشتہ ازدواج میں بندھے رہے۔دونوں مسلمان بھائیوں کی بیویوں کا تعلق ہندو مذہب سے تھا اور بھارت میں شوبز اور معروف شخصیات میں بین المذاہب شادیاں عام بات ہیں۔

Related Articles

Back to top button