کوک اسٹوڈیو کے گانے ’پسوڑی‘ نے دھوم مچا دی

معروف صحافی نجم سیٹھی اور جگنو محسن کے بیٹے علی سیٹھی اور گلوکارہ شائے گل کے گائے ہوئے ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے پانچویں گانے ’پسوڑی‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی ہے۔ ’پسوڑی‘ کو روایتی پاپ انداز میں گایا گیا ہے۔ اس کی شاعری علی سیٹھی نے لکھی ہے جب کہ گانے کو کمپوز بھی انہوں نے ایک متنازعہ موسیقار ذوالفقار جبار خان المعروف زلفی کے ہمراہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ زلفی پر ایک خاتون گلوکارہ نے انکے گانے کی دھن چوری کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔ ’پسورڑی‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کلاسیکل ڈانسر شیما کرمانی کو بھی محو رقص دکھایا گیا ہے۔
’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے پانچویں گانے کے 7 فروری کو سامنے آتے ہی دھوم مچ گئی۔ ’پسوڑی‘ کے ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر علی سیٹھی اور شائے گِل ٹاپ ٹرینڈ بن گئے اور مداحوں نے گانے کی شاعری کے علاوہ ویڈیو کی تعریفیں بھی کیں۔
پی ٹی وی اب کونسا نیا ترک ڈرامہ نشر کرنے والا ہے؟
’پسوڑی‘ میں افریقی اور عرب ممالک کے طرز کے سیٹ کو دکھایا گیا ہے اور لوگوں نے گانے کے کلاسیکل انداز کو بھی پسند کیا۔ ’پسوڑی‘ سے قبل رواں ماہ یکم فروری کو پنجابی زبان کا گانا ’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے ’دی سوچ بینڈ‘ اور ’بٹ برادرز‘ نے گایا تھا۔ اس سے قبل گریمی ایوارڈ نامزد یافتہ امریکی پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کی آواز میں ’محرم‘ کو 28 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔
عروج آفتاب کے گانے سے قبل 23 جنوری کو عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا گانا ’سجن ڈس نہ‘ بھی پنجابی زبان میں ریلیز کیا گیا تھا۔’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا دوسرا گانا ’کنا یاری‘ گزشتہ ماہ 19 جنوری کو ایوا بی، کیفی خلیل اور عبدالوہاب بگٹی کی آواز میں جاری کیا گیا تھا۔ کوک اسٹوڈیو کا آغاز 14 جنوری سے عابدہ پروین اور نصیبو لال کے گانے ’تو جھوم‘ سے ہوا تھا، جسے شائقین نے خوب سراہا تھا۔