بھارتی صارفین نے پاکستانی ڈرامے کا کیپٹن اصلی سمجھ لیا

کسی فوجی کو شہید قرار دینے کا معاملہ ہو یا بات پاکستانی طیارہ مار گرانے کی ہو، انڈیا کو پاکستان کیخلاف جھوٹا پراپیگنڈا کرتے ہوئے اکثر منہ کی کھانا پڑتی ہے، ایسے ہی پراپیگنڈے کی کوشش گزشتہ دنوں بھی کی گئی جب بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے پاکستانی ڈرامہ ’’صنف آہن‘‘ میں کیپٹن کا کردار ادا کرنے والے اداکار دانیال کو بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن دانیال کے طور پیش کیا۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین کوشش تو بہت کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کیخلاف دنیا میں پراپیگنڈا کریں، تاہم انھیں اس میں کبھی کامیابی حاصل نہیں ہوتی، سچائی سامنے آتی ہے تو انھیں ہمیشہ شرمسار ہی ہونا پڑتا ہے۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کی جا رہی ہے جس میں بتانے کی کوشش کی گئی کہ بلوچستان میں ہونے والی ایک حالیہ جھڑپ کے دوران پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈر کیپٹن دانیال شہید ہو گئے ہیں۔
مہندرا سنگھ دھونی کرکٹ کے بعد اداکاری کے میدان میں
ان خبروں کے ساتھ ہی ایک صارف نے کیپٹن دانیال کی ایک تصویر بھی شیئر کی اور بتایا کہ یہ مرنے والے کیپٹن دانیال ہیں، اب بھارتی صارف کی بُری قسمت کہ جس شخص کی تصویر کو اس جھوٹی خبر کے ساتھ جوڑا جا رہا تھا، اس شخص نے خود ہی ان خبروں پر ردعمل دیدیا کیونکہ وہ شخص اور کوئی نہیں بلکہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار عثمان مختار ہیں۔
عثمان نے ٹویٹر پر بھارتی صارف کی جانب سے بلوچستان کے علاقے پنجگور میں جھڑپ کے دوران کیپٹن دانیال کی ہلاکت کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’اچھا، پھر سے‘، اپنی دوسری ٹویٹ میں عثمان مختار نے کہا پراپیگنڈہ کرنے والے اپنی اوقات میں رہیں، ’’میں زندہ ہوں‘‘۔
یاد رہے کہ اداکار عثمان مختار نے حال ہی میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک پراجیکٹ ڈرامہ سیریل ’’صنف آہن‘‘ میں بطور میجر دانیال کا کردار ادا کر رہے ہیں، اسی ڈرامہ میں یونیفارم میں کھینچی گئی ان کی ایک تصویر کو انڈین سوشل میڈیا صارفین نے حقیقت کا کیپٹن دانیال سمجھ کر اپنے لوگوں کو بیوقوف بنانے کیلئے استعمال کرنا شروع کر دیا۔
تاہم بلوچستان کے علاقے پنجگور اور نوشکی میں فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوئے تھے جبکہ اس دوران 15 سے زائد دہشت گرد مارے بھی گئے تھے۔