سیلاب متاثرین کی خاطر میرا کا نیویارک میں ڈانس

مشکل وقت میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ملکی و غیرملکی تمام پاکستانی ہی فنڈزجمع کر رہے ہیں، اس میں شوبز شخصیات بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں لیکن اداکارہ میرا نے تمام شوبز شخصیات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نیویارک میں ڈانس پرفارمنس کے ذریعے متاثرین کیلئے فنڈز جمع کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ان کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں زیادہ سے زیادہ رقوم جمع کروائیں۔ میرا نے امریکی شہر نیویارک کے پوش علاقے منہیٹن میں سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے پرفارم کیا، جسے سینکڑوں افراد نے دیکھا، میرا نے اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر نیویارک کی سڑکوں پر پرفارمنس کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے ایک فنڈ ریزنگ ایونٹ کے تحت وہاں رقص کیا۔ میرا نے اپنی ایک پوسٹ میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپیل کی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی افراد کے لیے اپنے دل کے دروازے کھولیں اور جتنا ہوسکے ان کے لیے انکے ذاتی اکائونٹ میں عطیات دیں، اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں بارے بھی آگاہ کیا۔

اداکارہ نے نیویارک کے علاقے منہیٹن میں پرفارمنس کی ویڈیو بھی انسٹاگرام اور ٹوئٹر پرشیئر کی، جس میں انہیں پرانے پاکستانی گانے پر پرفارمنس کرتے دیکھا جا سکتا ہے، پرفارمنس کے دوران اداکارہ میرا نے روایتی سرخ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا اور روایتی ایشیائی رقص کیا، جسے درجنوں افراد نے دیکھا اور اداکارہ کو خوب داد دی۔
میرا نے انسٹاگرام پر سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرانے کے لیے اپنا بینک اکاؤنٹ بھی دے دیا اور لوگوں کو اس میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کروانے کی اپیل کی، میرا سے قبل گلوکارہ حدیقہ کیانی، گلوکار ابرارالحق اور دیگر شوبز شخصیات بھی سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنے میں مصروف ہیں۔

سانس لینے میں دشواری پرشہباز گل جیل سے ہسپتال منتقل

سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ میرا کے اس اقدام کی کھل کر حوصلہ افزائی کی ، انسٹا گرام صارف نے میرا کو لیونگ لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ بہت اچھا کام کر رہی ہیں، جبکہ مداحوں کی اکثریت اداکارہ میرا کے لباس اور ان کی خوبصورتی کی بھی تعریف کرتی رہی، علیزے مغل نامی صارف نے لکھا کہ جو شخص جس چیز میں ماہر ہوگا اس میں ہی فن کا مظاہرہ کرے گا، اداکارہ میرا کم سے کم بھیک تو نہیں مانگ رہی ہیں۔ نوربدر سیون نامی انسٹاگرام صارف نے لکھا کہ اداکارہ بہت اچھا کر رہی ہیں، فنڈز اکٹھا کر رہی ہیں، دی سارہ خان نامی صارف نے لکھا کہ میری اس خاتون کے لیے بہت زیادہ عزت ہے، آخر یہ عورت سیلاب متاثرین کے لیے سوچ تو رہی ہے۔ اسی طرح سندس نامی صارف نے لکھا کہ دوسروں کی باتوں پر توجہ نہ دیں، آپ کے لیے عزت ہے، اسی طرح کام کرتی رہیں، فائزہ نامی صارف نے لکھا کہ بہت خوبصورت انداز ہے، برائون بوائے نامی صارف نے لکھا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا اجر دے گا۔ تاہم کچھ صارفین نے یہ بھی لکھا کہ سیلاب متاثرین تو پاکستان میں خوار ہو رہے ہیں جبکہ میرا امریکہ میں ڈانس کر کے پیسے مانگ رہی ہیں جو کہ انکے ذاتی اکاؤنٹ میں جائیں گے۔

Related Articles

Back to top button