عامر لیاقت کی موت پر منفی تبصرے: سونیا حسین نالاں

معروف اداکارہ سونیا حسین نے سابق رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کی موت پر منفی تبصرے کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جب کوئی دنیا سے چلا جائے تو اس کے معاملات اللہ تعالیٰ سے جڑ جاتے ہیں، لہذا ہمیں اگلے جہاں چلے جانے والوں کے بارے میں بکواس کرنے سے پہلے شرم کرنی چاہئے۔
6 ماہ میں پٹرول 250 سے 300 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان
اداکارہ سونیا حسین نے کہا کہ مجھے اتنے دن سے سمجھ ہی نہیں آ رہا تھا کہ میں عامر کے انتقال پر کیا لکھوں، جب مجھے یہ خبر ملی میں شوٹنگ کے لیے سیٹ پر تھی اور میک اپ کروا رہی تھی، میں نے سنتے ہی کہا یہ فیک نیوز ہوگی۔ سونیا حسین نے انکشاف کیا کہ یہ خبر میں نے بہت سے لوگوں سے شیئر کی، کچھ لوگوں نے روٹین کا ردعمل دیا جبکہ کچھ بے حس افراد نے کہا کہ اچھا ہوا وہ اس دنیا سے چلا گیا۔ سونیا نے حیرانی اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شخص کیسے کسی کی موت پر ایسا کہہ سکتا ہے کہ اچھا ہوا وہ چلا گیا؟ مجھے شدید دکھ ہے، ڈاکٹر عامر لیاقت نے ٹی وی چینلز کو اپنے شوز کے ذریعے پیسے کما کر دیئے، ان کے شوز کی بہترین ریٹنگ آتی تھی۔ سونیا حسین نے نام لیے بغیر عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں پہلی بار دیکھ رہی ہوں کہ شادی کے بعد بھی ذاتی لمحات سوشل میڈیا پر شیئر کیے جا سکتے ہیں، انسان کس چیز پر یقین کرے؟ ایسے نکاح کا کیا کوئی فائدہ ہے؟ ایسے رشتے میں بندھنے کا کیا فائدہ جب آپ خود کو محفوظ نہ سمجھتے ہوں۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین 9 جون کو پراسرار حالات میں کراچی میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے، تاہم ان کے بیٹے اور بیٹی نے پولیس کے اصرار کے باوجود ان کا پوسٹ مارٹم کروانے کی اجازت نہیں دی لہذا اب ان کی موت کی وجوہات کبھی پتہ نہیں چل پائیں گی۔