’’پسوڑی‘‘ نے اب یوٹیوب پر کونسا اعزاز اپنے نام کر لیا؟

پاکستان سمیت عالمی سطح پر دھوم مچانے والے کوک سٹوڈیو سیزن 14 کے گانے ’’پسوڑی‘‘ نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا ہے کیونکہ گانے کی ویڈیو نے معروف آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر 500 ملین سے زائد ویوز حاصل کر لیے ہیں۔ گلوکار علی سیٹھی اور شائے گل کے مقبول ترین گانے کو کوک سٹوڈیو کے سیزن 14 کی جانب سے پچھلے برس ریلیز کیا گیا تھا جس کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بے حد پذیرائی ملی اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ گانا عالمی ٹرینڈ بن گیا۔ پسوڑی کو یوٹیوب پر ریلیز ہونے کے بعد 11 ماہ کے دوران اب تک 500 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے گانے ’’پسوڑی‘‘کے بول علی سیٹھی اور فضل عباس نے لکھے اور کمپوزیشن زلفی کی ہے جبکہ موسیقی زلفی اور عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ’پسوڑی‘ نے کورین پاپ بینڈ بی ٹی ایس کے مشہور گانے ’بٹر‘ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والا گانا ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ پسوڑی نے ہمسایہ ملک بھارت سمیت امریکہ میں بھی مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں، یہ گانا امریکہ میں رہائش پذیر پاکستانیوں کے ساتھ امریکیوں میں بھی خاصا مقبول ہوا۔ گانے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ’’پرنسز آف پاپ‘‘ برٹنی سپیئرز نے پسوڑی کے ساتھ ویڈیو شیئر کی، جس کے بعد گلوکار علی سیٹھی نے برٹنی سپیئرز کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو پر خیالات کا اظہار بھی کیا۔

برٹنی سپیئرز نے گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے گانے کا نام، اس کے گلوکار علی سیٹھی اور شے گل کو مینشن بھی کیا، کوک سٹوڈیو کے پروڈیوسر ذوالفقار زلفی نے برٹنی سپیئرز کی ویڈیو پر لکھا ’’یہ جان کر اچھا لگ رہا ہے کہ ہمارے گانے مختلف ثقافتوں اور ان کے لوگوں میں بھی سنے جا رہے ہیں۔‘‘

پاکستانی فلم ’’نام بدل دینا‘‘ بہترین شارٹ فلم نامزد

Related Articles

Back to top button