رابعہ انعم نے ندا یاسر کے ٹی وی شو سے واک آئوٹ کیوں کیا؟


اے آر وائی کی معروف ہوسٹ ندا یاسر کے چلتے ہوئے مارننگ شو میں تب عجیب صورتحال پیدا ہوگئی جب ماضی کی معروف نیوز اینکر رابعہ انعم نے اچانک پروگرام سے واک آئوٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسکی بنیادی وجہ وہاں اداکار محسن عباس حیدر کی موجودگی تھی جن پر ماضی میں اپنی اداکارہ اہلیہ فاطمہ سہیل پر گھریلو تشدد کرنے کا الزام تھا۔ ان الزامات کے بعد فاطمہ نے خلع لے لی تھی۔ سابق نیوز اینکر رابعہ انعم کی جانب سے ندا یاسر کے براہ راست مارننگ شو کو چھوڑ جانے پر لوگ ان کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں ایک بہادر خاتون قرار دے رہے ہیں۔

رابعہ انعم ندا یاسر کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں تو انہیں پتہ چلا کہ ساتھی مہمانوں میں فضا علی کے علاوہ محسن عباس حیدر بھی موجود ہیں۔ کچھ ہی دیر پروگرام چلنے کے بعد رابعہ انعم نے ندا یاسر سے معذرت کرتے ہوئے پروگرام چھوڑ کر جانے کی اجازت مانگی اور ساتھ ہی واضح کیا کہ ان کا مقصد چینل، پروگرام کے پروڈیوسر اور میزبان کی بے عزتی کرنا یا دل دکھانا نہیں ہے۔ رابعہ کی پروگرام چھوڑ کر جانے کی وائرل ہونے والی کلپس میں انہیں میزبان ندا یاسر کو بڑے احترام اور ادب سے پروگرام سے جانے کی اجازت مانگتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔ رابعہ انعم نے ندا یاسر، ان کے شو، ٹی وی چینل اور پروڈیوسر سمیت پوری ٹیم کی تعریفیں کیں لیکن ساتھ ہی کہا کہ وہ خواتین پر تشدد کے خلاف ہیں اور انہیں بالکل نہیں معلوم نہیں تھا کہ پروگرام کے دیگر مہمان کون ہیں اور ان میں محسن عباس حیدر بھی موجود ہیں۔

رابعہ انعم کا کہنا تھا کہ انہوں نے گھریلو تشدد کے خلاف کھڑے ہونے کا عزم کیا ہے اور وہ اس حوالے سے آواز بھی بلند کرتی آ رہی ہیں، جس وجہ سے آج ان کا پروگرام میں بیٹھنا انہیں مناسب نہیں لگ رہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ پروگرام میں شریک رہیں تو ان کی تمام کاوشیں ختم ہوجائیں گی، اس لیے وہ مزید اس پروگرام کا حصہ نہیں رہنا چاہتیں، کیوں کہ وہ گھریلو تشدد کے خلاف اٹھائی گئی اپنی آواز کو کم نہیں دیکھنا چاہتیں۔

رابعہ انعم نے مہمان محسن عباس حیدر کا نام نہیں لیا، تاہم کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ پروگرام کے دوسرے مہمان کون ہیں؟ رابعہ انعم کی جانب سے پروگرام سے چلے جانے کی بات کہنے کے بعد ندا یاسر نے فوری طور پر وقفہ لیا، جس کے بعد انہوں نے پروگرام دوبارہ شروع کیا جب کہ یوٹیوب پر پروگرام کی اپ لوڈ کردہ ویڈیو میں رابعہ انعم کا حصہ کاٹ دیا گیا۔ تاہم رابعہ انعم کی جانب سے پروگرام کو چھوڑ جانے کی کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور متعدد افراد نے ان کی بہادری اور ان کے قدم کی تعریف کی۔

سماجی رہنما اور وکیل خلیل جبران ناصر نے بھی رابعہ انعم کو بہادر قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کا گھریلو تشدد اور بیویوں پر تشدد کرنے والے افراد کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا عزم قابل تحسین ہے۔ ان کے علاوہ ٹی وی شخصیات، صحافیوں اور عام افراد نے بھی رابعہ انعم کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں بہادر قرار دیا اور لکھا کہ ان کا قدم قابل تعریف ہے۔ خیال رہے کہ ماضی میں اداکار محسن عباس حیدر پر ان کی سابق اہلیہ اداکارہ فاطمہ سہیل نے ان پر 2018 میں بدترین گھریلو تشدد کے الزامات لگانے کے بعد ان سے خلع لے لی تھی۔ محسن عباس حیدر اور فاطمہ سہیل نے 2015 میں شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے جو اب والدہ کے ساتھ رہتا ہے۔ سابق اہلیہ کی جانب سے تشدد کے الزامات لگائے جانے کے بعد محسن عباس حیدر پر شوبز شخصیات نے بھی تنقید کرتے ہوئے ان پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ متعدد اداروں نے کچھ وقت کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے سے بھی معذرت کرلی تھی۔

Related Articles

Back to top button