سینئر اداکار تنویر جمال کینسر کے علاج کے لیے جاپان منتقل

 

1990 سے قبل ہدایت کار کاظم پاشا کے ڈرامہ ’’جانگلوس‘‘ سے شہرت حاصل کرنیوالے سینئر اداکار تنویر جمال کینسر کی تشخیص کے بعد علاج کیلئے جاپان منتقل ہوگئے ہیں۔

اپنے پہلے ڈرامے کی کامیابی کے بعد تنویر جمال پی ٹی وی کے دیگر متعدد مشہور ڈراموں ’جناح سے قائد، سمجھوتا، بابر، انتہا، جنم جلی اور جلتے سورج سمیت 90 کی دہائی کے دیگر مقبول ڈراموں میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکے ہیں، اداکار نے کم وقت میں اپنی منفرد پہچان بنائی۔ تنویر جمال نے بحرین، پیرس، تھائی لینڈ اور جاپان سمیت دیگر ممالک میں ہوٹلنگ اور بزنس اداروں میں ملازمتیں بھی کیں اور جاپانی نژاد لڑکی سے کیریئر شروع ہونے سے قبل ہی شادی کر لی تھی۔

تنویر جمال نے 2021 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان سے شادی کے لیے جاپانی لڑکی نے اسلام قبول کیا اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہو چکے تھے، شادی سے قبل ان کے ایک اور جاپانی لڑکی سے تعلقات تھے مگر ان سے ان کی شادی نہ ہو سکی تھی۔

اپوزیشن لیڈر بننے کیلئے نورعالم خان اورراجہ ریاض کا میچ

سینئر اداکار کے بچے اور اہلیہ اس وقت بھی جاپان میں ہی رہتے ہیں اور ان کے بیٹے نے جاپانی نژاد امریکی لڑکی جبکہ بیٹی نے پاکستانی نژاد جاپانی لڑکے سے شادی کر رکھی ہے۔تنویر جمال کے پاس جاپانی شہریت بھی ہے اور وہاں اہل خانہ کی رہائش کی وجہ سے وہ ہر چند ماہ بعد جاپان جاتے ہیں، تاہم اس بار وہ کینسر کی تشخیص کے بعد جاپان منتقل ہوئے اور ان کے علاج کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تنویر جمال کی طبیعت گزشتہ برس سے ناساز تھے، تاہم اب ان میں کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد ان کا علاج شروع کر دیا گیا۔

سینئر اداکار ابتدائی طور پر 2016 میں بھی کینسر کا شکار ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں وہ صحت یاب ہو گئے تھے لیکن گزشتہ برس سے ان کی صحت ناساز تھی، گزشتہ برس سوشل میڈیا پر خبریں گردش میں تھیں کہ تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے تاہم اُس وقت اداکار اور ان کے اہل خانہ نے ایسی خبروں کی تصدیق نہیں کی تھی، اب اداکار کے اہل خانہ نے ان میں کینسر کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا علاج شروع کر دیا گیا۔

Related Articles

Back to top button