پی ٹی وی اب کونسا نیا ترک ڈرامہ نشر کرنے والا ہے؟

پاکستان ٹیلی ویژن پر پہلی مرتبہ ترک ڈراموں کو نشر کرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے کیونکہ پاکستانی شائقین نے نہ صرف ترک ڈراموں کو پسند کیا بلکہ ترک فنکاروں اور ترک ثقافت کو گلے لگایا، اسی محبت کی وجہ سے ترک فنکار نہ صرف پاکستان آئے بلکہ پاکستانیوں کیساتھ مل کر مختلف پراجیکٹس کرنے کا اعلان بھی کیا۔

پی ٹی وی سے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے پانچ سیزن اردو زبان میں نشر کیے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ 6 فروری کو اختتام پذیر ہوگیا، اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ پی ٹی وی اس ڈرامے کی جگہ نیا ترک ڈرامہ شروع کرنے جا رہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی وی کی جانب سے ایک پوسٹ میں بتایا گیا کہ ارطغرل غازی کی جگہ ترک ڈرامے پایہ تخت سلطان عبدالحمید کو نشر کیا جائے گا، یہ ڈرامہ رواں ہفتے سے ہر بدھ سے اتوار کو رات 7 بج کر 55 منٹ پر نشر ہوگا، ٹرکش ریڈیو ٹیلی ویژن (ٹی آرٹی) نے یہ ڈرامہ 2017 میں نشر کرنا شروع کیا تھا جس کے 5 سیزن بنائے گئے اور اس کا اختتام 2021 میں ہوا۔

پایہ تخت عبدالحمید کے ہدایت کار سردار آقار ہیں جبکہ سلطان عبدالحمید کا کردار ترک اداکار بلند اِنال نے ادا کیا ہے، یہ ڈرامہ عثمانی سلطنت کے سلطان عبدالحمید دوئم کی زندگی پر مبنی ہے جو 1876 سے 1909 تک اس ریاست کے سلطان رہے تھے۔

کوک اسٹوڈیو کے گانے ’پسوڑی‘ نے دھوم مچا دی

درحقیقت انہیں عثمانی سلطنت کا آخری بااختیار سلطان بھی مانا جاتا ہے، پایہ تخت عبدالحمید میں ان کے عہد کے آخری 13 برسوں کی کہانی کو بیان کیا گیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح یورپی ممالک اور یہودیوں نے سازشیں کیں، ڈرامے میں حجاز ریلوے لائن کے امور اور دیگر کئی اہم تاریخی واقعات جیسے جنگ یونان میں کامیابی کو بھی سکرین پر پیش کیا گیا۔

دوسری جانب یہ بھی خبر ہے کہ پاکستان ٹیلی وژن پر اختتام پذیر ہوجانے والے ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں ’گوکچہ خاتون‘ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ بورجو کیراتلی کے شوہر نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔ بورجو کیراتلی نے گزشتہ برس فروری میں دیرینہ دوست اور پہلے شوہر رہنے والے گلوکار سنان اکسل سے دوسری بار شادی کی تھی۔ تاہم اب ایک بار پھر دونوں کے درمیان شادی کے ایک سال بعد اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں اور اطلاعات ہیں کہ اداکارہ کے شوہر نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

ترک خبر رساں ادارے ’حریت‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ گلوکار و اداکار سنان اکسل نے استنبول کی فیملی کورٹ میں طلاق کے لیے درخواست دائر کردی۔ گلوکار نے طلاق کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ انکے درمیان شوہر اور بیوی والے معاملات نہیں رہے، اسلیے اب وہ طلاق کے خواہاں ہیں۔ گلوکار سنان اکسل نے عدالت سے طلاق کی دیگر وجوہات خفیہ رکھنے کی اپیل بھی کی۔

Related Articles

Back to top button