بھارت چلے جانے والے عدنان سمیع نے گلوکاری کیوں چھوڑ دی؟

20 برس پہلے پاکستان چھوڑ کر بھارت جا بسنے والے معروف گلوکار اور اداکارہ زیبا بختیار کے سابقہ شوہر عدنان سمیع خان نے بالآخر گلوکاری ترک کرتے ہوئے انسٹا گرام سے اپنی تمام پوسٹس اور گانوں کو ڈیلیٹ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ عدنان سمیع خان 2001 میں وزٹ ویزے پر بھارت گئے تھے لیکن پھر بھارت کے ہی ہوکررہ گئے۔ انہوں نے پاکستانی شہریت ترک کر کے بھارتی شہریت لے لی تھی۔اب عدنان سمیع خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پرانی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی ہیں جس کی وجہ سے ان کے مداح تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

پنجاب کے ضمنی الیکشن PTI کے لیے ایک بڑا چیلنج

گلوکار نے تمام پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کے بعد ایک ویڈیو اب لوڈ کی ہے جس میں ’الوداع‘ لکھا ہے جبکہ اس ویڈیو کے کیپشن میں بھی معروف گلوکار نے الوداع لکھا ہے، اس ویڈیو پر عدنان سمیع کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے سوالوں کے ڈھیر لگا دیئے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ عدنان نے گلوکاری کو خیرباد کہہ دیا ہے جبکہ ان کے مداح پُراُمید ہیں کہ وہ کوئی نئی شروعات یا نیا گانا پیش کرنے جا رہے ہیں تاہم ابھی گلوکار کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ پاکستانی نژاد بھارتی گلوکار عدنان سمیع کو 2016 میں بھارتی شہریت دی گئی تھی جس پر گلوکار نے خاص طور پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جے ہند کا نعرہ لگایا تھا۔
عدنان سمیع نے 1993 میں پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار سے شادی کی تھی جو صرف 4 سال چل سکی اور 1997 میں دونوں نے اپنے راستے الگ کر لیے تھے، دونوں کا ایک بیٹا اذان سمیع خان ہے، 24 سالہ اذان سمیع کا شمار نامور پاکستانی موسیقاروں میں ہوتا ہے، اذان سمیع خان نے فلم ‘پرے ہٹ لو’ اور ‘سپر اسٹار’ کی موسیقی ترتیب دی، فلم سپرسٹارکا سکرین پلے بھی اذان نے لکھا۔

عدنان سمیع خان کے خاندان کا اصل تعلق افغانستان سے ہے، ان کے دادا محفوظ خان کابل، ہرات، جلال آباد اور بلخ کے گورنر تھے، بچہ سقہ کے دور میں بُرا وقت شروع ہوا تو انہیں افغانستان چھوڑنا پڑا، عدنان کے والد ارشد سمیع خان پاکستان ایئرفورس میں اسکوارڈن لیڈر تھے اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں ستارہ جرات بھی حاصل کیا۔ ارشد سمیع خان 1966ء سے 1972ء کے دوران صدر ایوب خان، صدر یحییٰ خان اور صدر ذوالفقار علی بھٹو کے اے ڈی سی رہے، بعدازاں فارن سروس میں آ گئے پھر چھٹی لیکر بیرون ملک چلے گئے، کئی سال بعد واپس آکر دوبارہ فارن سروس جوائن کرلی، کئی ملکوں میں سفیر بنے۔ وہ چیف آف پروٹوکول بنے ، 1989میں کینسر کا شکار ہوئے تو وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے ان کا سرکاری خرچ پر برطانیہ سے علاج کرایا، وفاقی سیکرٹری بھی بنے، عدنان سمیع کو فلموں میں گانے اور کام دلوانے کیلئے سیکرٹری کلچر کے طور پر اپنا اثرورسوخ بھی استعمال کرتے رہے، بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ یحییٰ خان کے دور میں جنرل رانی کے نام سے مشہور ہونے والی اقلیم اختر رانی رشتے میں عدنان سمیع خان کی نانی تھی، ارشد سمیع خان جنرل رانی کی بہن کے داماد تھے۔

Related Articles

Back to top button