برطانوی کرکٹ ٹیم کی 17 سال بعد پاکستانی سرزمین پر واپسی

17 سال کے طویل وقفے کے بعد برطانیہ کی 19 رکنی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، جوز بٹلر کی قیادت نے ٹیم نے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی، دونوں ٹیموں کے درمیان مرحلہ وار 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

دبئی کے راستے آنے والی مہمان ٹیم کی آمد کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، سیریز کے ابتدائی چار میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری تینوں میچز بالترتیب 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم لاہور میں طے ہیں۔کراچی میں دونوں ٹیمیں ہفتہ کی شام سات بجے اپنے پریکٹس سیشنز کا آغاز کریں گی، یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا جبکہ میچز کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوا کرے گا۔

قبل ازیں، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پنڈلی کی تکلیف سے صحتیاب جوز بٹلر کی قیادت میں معین علی کو 19 رکنی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا تھا جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہیری بروک، جارڈن کوکس، سیم کرن، بین ڈکٹ، لیام ڈاؤسن، رچرڈ گلیسن، ٹام ہیلم، ول جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹاپلے، ڈیوڈ ولے، کرس ووکس، لیوک ووڈ اور مارک ووڈ شامل ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی نے انگلینڈ کے ساتھ سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے جس میں انگلینڈ کے ڈیوڈ گاور، مارک بچر کے علاوہ وسیم اکرم، وقار یونس، عامر سہیل، بازید خان اور عروج ممتاز شامل ہیں، جبکہ زینب عباس پریزنٹر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گی۔

انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے پاکستان کیخلاف سیریز کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سیریز سے ورلڈ کپ کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا، 7 میچوں کی سیریز چیلنج سے کم نہیں ہوگی، یقین ہے کہ یہ ٹف سیریز ثابت ہوگی، پاکستان سپرلیگ میں ہمارے کھلاڑیوں کو شائقین کھیلتا دیکھ چکے ہیں، پاکستان ایسا ملک ہے جو فاسٹ باولرز پیدا کر رہا ہے۔

جوز بٹلر نے کہا کہ کوشش ہے اپنی کرکٹ سے سیلاب متاثرین کو خوشی دیں، انگلش کرکٹ بورڈ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کرے گا، ہر کھلاڑی کو اپنا ورک لوڈ مینج کرنا ہوگا، میں کبھی پاکستان میں نہیں کھیلا اس لیے پاکستان کی کنڈیشنز کا اندازہ نہیں ہے، جو کھلاڑی پی ایس ایل میں کھیلے ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ ٹیم میں سات میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 20 ستمبر سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے، ایونٹ کے ابتدائی چار میچز کراچی جب کہ آخری تین لاہور میں ہوں گے۔

Related Articles

Back to top button