اداکارہ مائرہ کا زرنیش خان کو اپنے کام سے کام رکھنے کا مشورہ

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مائرہ خان نے اداکارہ زرنیش خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ اداکارہ اپنے کام سے کام رکھا کریں، دوسری شوبز شخصیات کے معاملات میں ٹانگ اڑانا اچھی بات نہیں جبکہ وہ خود بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں اداکار نعیم الحق کے ہمراہ ایکسپریس ٹی وی کے دی ٹاک ٹاک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر بات کرنے کے علاوہ شوٹنگ کے دوران اپنے ساتھ ہونے والے واقعات کا ذکر کیا اور بتایا کہ دونوں بار انہیں ایسا لگا جیسے وہ کچھ ہی دیر میں مرنے والی ہیں یا مر چکی ہیں۔

مائرہ خان نے انکشاف کیا کہ فلموں کی شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ دو ایسے واقعات ہوچکے ہیں، جن کے دوران انہیں لگا کہ وہ شاید مر جائیں گی لیکن وہ دونوں بار خوش قسمتی سے موت کے منہ سے واپس آئی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ایک بار وہ خیبرپختونخوا (کے پی) کے علاقے سوات میں کسی فلم کی شوٹنگ کر رہی تھیں کہ اچانک انہیں ایک زہریلے بچھو نے کاٹ لیا۔پہاڑوں کے درمیان وہ ریپ کا منظر شوٹ کروا رہی تھیں، جس میں دکھایا جا رہا تھا کہ طالبان ایک لڑکی کا ریپ کر رہے ہیں، اسی دوران انہیں ایک بچھو نے کاٹ لیا۔

مائرہ خان کے مطابق انہیں فوری احساس ہوا کہ ان کی ٹانگ کو کسی چیز نے کاٹ لیا ہے اور بعد ازاں انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں معلوم ہوا کہ انہیں زہریلے بچھو نے کاٹ لیا۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ بچھو کے کاٹنے کے بعد بے حال ہوگئی تھیں اور انہیں ایسا لگا کہ شاید وہ مرچکی ہیں یا مرنے والی ہیں، ان کے مطابق بچھو کاٹنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں کچھ دن تک آرام کرنے کا مشورہ دیا اور وہ یوں پہلی بار موت کے منہ سے واپس آئیں۔

اداکارہ نے اسی حوالے سے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایک بار وہ سینئر اداکار فردوس جمال کے ہمراہ شوٹنگ سے واپس آ رہی تھیں کہ اسلام آباد کے قریب ان کی گاڑی کا بریک فیل ہوگیا اوران کے ڈرائیور نے گاڑی کو بچانے کے لیے اسے پہاڑ پر چڑھا دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ڈرائیور کے پاس صرف دو آپشن تھے یا تو وہ گاڑی کو نیچے کھاہی میں گرا دیتے یا پھر وہ اسے پہاڑوں پر چڑھا دیتے، اس لیے انہوں نے اسے پہاڑوں پر چڑھانا بہتر سمجھا۔

مائرہ خان کے مطابق جب ان کی گاڑی پہاڑ پر بہت اونچائی تک گئی تو وہ وہاں الٹ گئی اور عین پہاڑ کے نیچے پلٹتے ہوئے کھائی کے قریب آکر رک گئی جبکہ گاڑی میں موجود تمام افراد زخمی ہوگئے۔گاڑی الٹنے کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئی تھیں اور جب گاڑی کھائی کے قریب آکر رک گئی تو انہیں دور سے ایک روشنی دکھائی دی، جسے انہوں نے جنت کی روشنی مان لیا تھا۔

اداکارہ کے مطابق واقعے کے بعد وہ دوسری مرتبہ موت کے منہ سے واپس آئیں اور انہوں نے خدا کا شکر ادا کیا، پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں بات کرتے ہوئے مائرہ خان نے اداکارہ زرنیش خان سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ وہ انہیں نہیں جانتیں کہ وہ کون ہیں؟

بعد ازاں میزبان کے اصرار پر انہیں زرنیش خان کے رویے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کو دیگر شوبز شخصیات پر تنقید کرنے کا بہت شوق ہے، حالانکہ وہ خود بھی اسی شوبز انڈسٹری تعلق رکھتی ہیں، مائرہ خان نے شکوہ کیا کہ ان کی ایک چیز وائرل ہوئی تھی، جس پر زرنیش خان نے بیچ میں ٹانگ اڑائی، حالانکہ ان کا کوئی کام نہیں تھا۔

زرنیش خان نے ستمبر 2021 میں مائرہ خان کی ایک ویڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے اداکارہ پر تنقید کی تھی کہ اداکارہ کی جانب سے ویڈیو میں کہے گئے الفاظ ’پینڈو اور برگر ازم‘ کا استعمال غلط ہے، اس سے طبقاتی تفریق ظاہر ہوتی ہے۔

وائرل ویڈیو میں اداکارہ مائرہ خان کار کے اندر بیٹھ کر ’ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی‘ (ڈی ایچ اے) میں ’پینڈو‘ لوگوں کے داخل ہونے پر برہم دکھائی دی تھیں، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ اداکارہ نے کہا کہ ’پینڈو‘ لوگ ڈیفینس میں نئے نئے منتقل ہونے کے بعد برگر لوگوں کو دیکھ کر ان کی نقل کرنا شروع کر دیتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ وہ اسی ’جم‘ میں ایکسر سائز کرنے جائیں جہاں برگر لوگ جاتے ہیں۔

اداکارہ نے ویڈیو میں مزید کہا تھا کہ ایسے لوگ اپنی جسامت کو دیکھے بغیر برگر لوگوں کی طرح اسپورٹس ڈریس پہننا شروع کر دیتے ہیں اور برگر لوگوں کو گھورتے رہتے ہیں۔

پاکستان میں نیٹ فلکس پر کونسی ویب سیریز ٹرینڈ کر رہی ہیں؟

Related Articles

Back to top button