پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین آفریدی نے ماڈلنگ شروع کر دی؟


اپنی برق رفتار گیندوں سے بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچانے والے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی نے آف دی فیلڈ ماڈلنگ کا فوٹو شوٹ کروا کر اپنے مداحوں کو حیران کر دیا۔ سوشل میڈیا پر ایکٹو پاکستانی کرکٹرز میں شمار کیے جانے والے شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ذرا منفرد سے انداز کی ایک تصویر شیئر کی ہے، جسے دیکھنے والوں میں سے کئی کو لگا کہ کرکٹر نے شاید پروفیشن بدل کر ماڈلنگ شروع کر دی ہے۔ مختلف صارفین نے کہیں بالواسطہ اور کہیں واضح طور پر ان سے یہ استفسار کیا تو اکثر نے ان کے نسبتاً نئے انداز پر پسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔
ذیشان قیوم نے اپنے تبصرے میں براہ راست تعریف کے بجائے ان کے کرکٹ کیریئر کو موضوع بناتے ہوئے لکھا کہ ’سٹائل تو ایسے مارا ہے جیسے روہت شرما، کے ایل راہل اور وراٹ کوہلی کی وکٹیں ایک ہی میچ میں لی ہوں۔

یاد رہے کہ انڈیا کے خلاف کھیلے گئے ایک میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے مخالف ٹیم کے تینوں اہم پلیئرز روہت شرما، وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل کو آؤٹ کیا تھا، اسی دوران ساتھی کرکٹر شاداب خان نے بھی ان سے سوال پوچھ ڈالا کہ ’ماڈلنگ کب سٹارٹ کی؟‘جواب میں پاکستانی سپیڈ سٹار نے ماڈلنگ شروع کرنے کی تاریخ تو نہیں بتائی البتہ یہ ضرور لکھا کہ ’بھائی آپ سے سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں، تصویر دیکھ کر کچھ ٹویپس کو ’خود پسندی‘ کی خو آئی تو ایسے افراد نے فوری انہیں باز رہنے کا مشورہ دے ڈالا۔ ایک اور صارف ذوالفقار لغاری نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’آپ کی وہ تصاویر چاہئے جن میں آپ کی بائولنگ پہ وکٹیں اڑتی اور ٹوٹتی نظر آئیں۔

یاد رہے کہ 22سالہ شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کی جانب سے ون ڈے کیریئر کا آغاز ستمبر 2018 جب کہ ٹیسٹ ڈیبیو دسمبر 2018 میں کیا، وہ اب تک قومی ٹیم کی جانب سے 24 ٹیسٹ، 30 ون ڈے اور 40 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ پاکستانی کرکٹر صرف مقامی فینز کی جانب سے ہی نہیں سراہے جاتے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی کرکٹ ماہرین ان کی کارکردگی کے معترف دکھائی دیتے ہیں۔ سابق انگلش کرکٹر ڈیرف گف نے حال ہی میں شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عمدہ ٹیلنٹ کے مالک شاہین کامیابیوں کی تلاش میں رہتے ہیں، اپنے بھرپور توانائی کے ساتھ لاہور قلندرز کی کپتانی کی، میرا خیال ہے وہ مستقبل میں پاکستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ یاد رہے کہ شاہین آفریدی سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کے ہونے والے داماد بھی ہیں۔

Related Articles

Back to top button