پاکستان بمقابلہ سری لنکا ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر

سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 246 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ،جس کے بعدپاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
میزبان ٹیم سری لنکا کے شہر گال میں کھیلے گئےسیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 89 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو امام الحق اور بابر اعظم وکٹ پر موجود تھے، سری لنکا کو میچ کے پانچویں دن کے آغاز میں ہی کامیابی مل گئی اور امام 49 رنز بنانے کے بعد رمیش مینڈس کو وکٹ دے بیٹھے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے دوسرے اینڈ سے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور نئے بلے باز محمد رضوان کے ہمراہ 79 رنز جوڑے، رضوان 37 رنز بنانے کے بعد پراباتھ جے سوریا سے اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔ ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ پاکستان کو فواد عالم کی شکل میں بڑا نقصان برداشت کرنا پڑا جو وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو گئے۔
پاکستانی ٹیم کی پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے آغا سلمان کا بھی وکٹ پر قیام چھ گیندوں تک محدود رہا اور وہ 4 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
میزبان سری لنکا کو دن کی سب سے بڑی کامیابی کھانے کے وقفے کے بعد ملی جب کپتان بابر اعظم کچھ دیر قبل سلپ میں کیچ چھوٹنے کے باوجود 81 رنز بنانے کے بعد جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے جبکہ محمد نواز بھی صرف 12 رنز بنا سکے،205 رنز پر سات وکٹیں گرنے کے بعد یاسر شاہ کا ساتھ دینے حسن علی آئے اور دونوں نے چند جارحانہ شاٹس لگا کر آٹھویں وکٹ کے لیے 38 کی شراکت قائم کی، لیکن جے سوریا نے 27 رنز بنانے والے لیگ اسپنر کو آؤٹ کر کے اننگز میں پانچواں شکار کیا، حسن علی سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ اگلے ہی اور میں 11 رنز بنانے کے بعد مینڈس کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔
بنگال ٹائیگرز کو آخری وکٹ کے حصول میں بھی زیادہ دیر نہ لگی اور 261 کے مجموعی اسکور پر نسیم شاہ 18 رنز بنانے کے بعد مینڈس کی وکٹ بن گئے، جے سوریا نے 5 اور مینڈس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
میزبان سری لنکا نے میچ میں 246 رنز سے کامیابی سمیٹنے کے ساتھ ہی سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔
دوسری جانب سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 246 رنز کی ہار سے قومی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری سے پانچویں پوزیشن پر چلی گئی۔ پاکستان کے پاس جیت کی صورت میں دوسری پوزیشن پر پہنچنے کے قوی امکانات تھے جو کہ معدوم ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سری لنکا نے آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف سیریز برابر کرکے تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے، پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقہ پہلے، آسٹریلیا دوسرے، سری لنکا تیسرے، بھارت چوتھے، پاکستان پانچویں، ویسٹ انڈیز چھٹے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم ساتویں نمبر پر قابض ہے۔