تیسرا ٹی20 :انگلینڈ نے پاکستان کو63 رنزسے شکست دیدی

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 63 رنزسے شکست دیدی۔

شہر قائد میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو 18 رنز پر اوپنر فل سالٹ 8 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ مہمان ٹیم کے 82 رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ ڈیوڈ ملان 14 رنز اور الیکس ہیلز کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے وِل جیکس 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلش ٹیم کی تین وکٹیں گرنے کے بعد اسکے مڈل آرڈر نے بہترین بیٹنگ کی۔ بلے باز بین ڈکٹ 69 اور ہیری بروک 88 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 139 رنز بنائے گئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی سب سے مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے، انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 62 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔ عثمان قادر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلش ٹیم کے222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اچھا آغاز فراہم نہ کیا گیا اور ابتدائی چار کھلاڑی 28 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اسکے بعد شان مسعود اور خوشدل شاہ کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنے لیکن یہاں خوشدل شاہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، شان مسعود اور محمد نواز کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 52 رنز بنے لیکن یہاں محمد نواز 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عثمان قادر صفر اور حارث رؤف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز ہی بنا سکی، قومی ٹیم کے کھلاڑی شان مسعود 66 رنز بنا کر ناقبل شکست رہے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شان مسعود کے کیریئر کی یہ پہلی نصف سنچری ہے، انہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ڈیبیو کروایا گیا۔

پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ انگلینڈ کی جانب سے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ الیکس ہیلز کی جگہ وِل جیکس، لیوک ووڈ کی جگہ مارک ووڈ اور ڈیوڈ ویلی کی جگہ ریسی ٹوپلے کو شامل کیا ہے۔

کپتان بابراعظم کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے جس پر 150 سے 180 رنز کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے، لگاتار دو میچ کھیلنا آسان نہیں۔

انگلش ٹیم کے کپتان معین علی کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر بولنگ ہی کرتے لیکن اب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا ہدف دینا ہے اور پاکستان کی جلدی وکٹیں حاصل کرنا ہوگی۔

انگلش ٹیم کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی،سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی اتوار 25 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

قومی سکواڈ میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، شاہنواز دھانی، محمد حسنین جبکہ وِل جیکس، وکٹ کیپر فل سالٹ، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، کپتان معین علی، سیم کرن، ریسی ٹوپلے، عادل رشید، مارک ووڈ، لیام ڈاوسن۔

Related Articles

Back to top button