دوسرا T20: پاکستان نے انگلینڈ کو 10وکٹوں سے شکست دیدی

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سےشکست دیدی۔کپتان بابراعظم نے کیریئر کی دوسری سنچری بنائی۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں انگلش ٹیم کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز بابراعظم اور محمد رضوان نے 203 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی، کپتان بابراعظم 110 رنز اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 88 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ قومی ٹیم کے اوپنرز انگلش بولرز پر میچ کے شروع سے ہی حاوی رہے۔

کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے جبکہ اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف 122 رنز کی اننگز 2021 میں کھیلی تھی۔

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی میں دوسری مرتبہ 10 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی ہے۔ اس سے قبل، پاکستان نے 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے تھی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی کی دوسری اننگز میں شراکت کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا ہے۔ کپتان بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی کی 218 اننگز میں اپنے 8ہزار رنز بھی مکمل کر لیے جبکہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے یہ کارنامہ 213 اننگز میں انجام دیا تھا۔

قبل ازیں انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، انگلش ٹیم نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے، کپتان معین علی جارحانہ اننگز کھیل کر 55 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز بنائے جس کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے یکے بعد دیگرے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم فاسٹ بولر وکٹوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے میں ناکام رہے۔ الیکس ہیلز 26 رنز اور ڈیوڈ ملان صفر پر آؤٹ ہوئے۔

انگلش ٹیم کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فل سالٹ تھے جنہوں نے 30 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے بین ڈکٹ کی وکٹ حاصل کی، انہوں نے 22 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ ہیری بروک 31 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

فاسٹ بولر محمد حسنین نے 4 اوورز میں 51 رنز دیے جبکہ وہ کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کر سکے۔

دریں اثنا انگلش ٹیم کے کپتان معین علی کا ٹاس جیت کر کہنا تھا وکٹ پہلے میچ کی طرح نہیں لگ رہی جبکہ دراڑیں بھی دکھائی دے رہی ہیں، میچ میں تین اسپنرز کھلا رہے ہیں جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ آج کی پچ مختلف ہے اس لیے انگلینڈ کو 150 سے 160 رنز تک محدود کرنے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں مڈل آرڈر کو کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔

قومی ٹیم نے نسیم کی جگہ محمد حسنین جبکہ انگلینڈ نے رچرڈ گلیسن کی جگہ لیام ڈاوسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، شاہنواز دھانی، محمد حسنین جبکہ انگلش ٹیم میں الیکس ہیلز، وکٹ کیپر فل سالٹ، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، کپتان معین علی، سیم کرن، ڈیوڈ ویلی، عادل رشید، لیوک ووڈ، لیام ڈاوسن شامل ہیں۔

خیال رہے کہا کہ انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلے میچ میں انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی۔

یاد رہے کہ 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے چار میچز کراچی اور تین لاہور میں ہوں گے۔

Related Articles

Back to top button