قومی کرکٹر محمد رضوان کا ایک اوراعزاز،وزڈن ایوارڈ بھی لے اڑے

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو اعلیٰ کارکردگی کی بنا پروزڈن الماناک کے 2022 کے ایڈیشن کیلئے سال کا بہترین کھلاڑی قراردیدیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ رضوان کے لیے 2021 کا سال انتہائی یادگار رہا اور وہ ٹی20 کرکٹ میں ایک سال کے دوران 2 ہزار سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اس کے علاوہ رضوان ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک سال کے دوران ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے بھی دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے، انہوں نے 73.66 کی اوسط سے ایک ہزار 326 رنز اسکور کیے۔ محمد رضوان نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف نصف سنچری کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری بناکر 2021 کا یادگار انداز میں آغاز کیا تھا۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ٹیم کو 2021 میں لیگ کا چیمپیئن بنوانے میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔ اس کے بعد زمبابوے اور جوبی افریقہ کے دوروں میں بھی ان کا بہترین کھیل جاری رہا جہاں انہوں نے نصف سنچریاں اسکور کی۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی رضوان نے کپتان بابر کے ساتھ مل کر پاکستان بیٹنگ لائن کا بوجھ سنبھالا اور بھارت کے خلاف میچ میں شاندار نصف سنچری کی بدولت اپنی ٹیم کو 10 وکٹوں کی یادگار فتح سے ہمکنار کرایا۔ صرف یہی نہیں بلکہ رضوان نے طبیعت انتہائی خراب ہونے کے باوجود بھی آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں بہترین باری کھیلی اور نصف سنچری اسکور کی تھی۔
واضح رہے کہ جسپریت بمرا، ڈیون کانواے، اولی رابن سن، روہت شرما اور دین وین نکرک پانچ بہترین وزڈن آف دی ایئر کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

Related Articles

Back to top button