گال ٹیسٹ:سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست،پاکستان کی تاریخی فتح

سری لنکا کے شہر گال میں کھیلی جا رہی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم سری لنکا کو کھیل کے آخری روز 4 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ ساز فتح حاصل کر لی۔

کھیل کے آخری روز قومی ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق 160 اور محمد نواز 19 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے جبکہ محمد رضوان 40 اور سلمان علی آغا 12، حسن علی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،سری لنکا کی جانب سے پربت جے سوریا نے 4 جبکہ رمیش مینڈس اور دھننجایا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

چوتھے روز سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو محض 8 رنز کے اضافے کے بعد پربت جے سوریا کو نسیم شاہ نے بولڈ کردیا، یوں سری لنکا کی دوسری اننگز 337 رنز پر ختم ہوگئی، لنکن ٹائیگرز کی جانب سے دنیش چندیمل نے ناقابلِ شکست 94 رنز بنائے۔قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق 105 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ محمد رضوان 7 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں، اوپنر امام الحق 35 رنز بناکر نمایاں رہے، اظہر علی دوسری اننگز میں بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے محض 6 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ کپتان بابراعظم نے 55 رنز اسکور کیے،لنکن ٹائیگرز کی جانب سے پربت جے سوریا نے 2 جبکہ رمیش مینڈس اور دھننجایا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ پاکستان کو سری لنکا کے خلاف جیتنے کے لیے مزید 120 رنز درکاراور 7 وکٹیں باقی تھیں۔

تیسرے روز کھیل ختم ہونے پر سری لنکا نے 9 وکٹوں پر 329 رنز بنالیے جس کے نتیجے میں اسے 333 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی،سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 37 رنز سے کھیل کا آغاز کیا۔ اوشادا فرنینڈو 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کسن راجیتھا صرف 7 اور اینجلو میتھیوز 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کوشل مینڈس نے 76، دھنن جایا 2، نیروشن 12 رنز، رمیش مینڈس 19 رنز اور مہیش تھیکشنا نے 11 رنز اسکور کیے۔ چندی مل نے 86 رنز کی شان دار اننگ کھیلی اور وہ ناٹ آؤٹ رہے،محمد نواز نے 5، یاسر شاہ نے 3 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں ٹیم 222 رنز پر ڈھیر ہوئی، جواب میں پاکستانی ٹیم 218 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی،دنیش چندیمل نے 76 اور لوئر آرڈر میں مہیش تھیکشنا 38 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے 1 رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ انکے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں اوشادا فرنینڈو 35، کوشل مینڈس 21، اینجلو میتھیوز صفر، دھننجایا ڈی سلوا 14 اور نروشن ڈکویلا 4، رمیش مینڈس 11 اور پربت جے سوریا 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2،2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم کی پہلی اننگز میں اوپنر امام الحق 2 اور عبداللہ شفیق 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے، تجربہ کار بلےباز اظہر علی کوئی خاطرخواہ کارکردگی نہ دیکھا سکے محض 41 گیندوں پر 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 19، سلمان علی آغا اور محمد نواز 5، 5، یاسر شاہ 18، حسن علی 17 جبکہ شاہین شاہ آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابراعظم نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا جبکہ نسیم شاہ نے انکا بھرپور ساتھ دیا۔سری لنکا کی جانب سے پربت جے سوریا 5، رمیش مینڈس اور مہیش تھیکشنا نے 2،2 جبکہ کسن راجیتھا ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکن اوپنرز نےدوسرے روز کے آخری سیشن میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر پاکستان پر 37 رنز کی برتری حاصل کرلی، لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اوشادا فرنینڈو 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

قومی سکواڈ میں کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، یاسر شاہ، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

سری لنکن سکواڈ میں کپتان ڈیموتھ کرونارتنے، اوشادا فرنینڈو، کوشل مینڈس، اینجلو میتھیوز، دھننجایا ڈی سلوا، دنیش چندیمل، نروشن ڈکویلا، رمیش مینڈس، مہیش تھیکشنا، پربت جے سوریا اور کسن راجیتھا شامل ہیں۔

ادھر سلمان علی آغا نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف سے ٹیسٹ کیپ حاصل کی، کرکٹر کو مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button