یونائیٹڈ نے گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن منرو اور عثمان خواجہ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ابوظبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ بالکل درست ثابت ہوا۔گلیڈی ایٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے گلیڈی ایٹرز کو 23 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد فاف ڈیو پلیسی 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔عثمان خان اور جیل ویدرلڈ نے اسکور کو 39 تک پہنچایا جس کے بعد عثمان کی 19 گیندوں پر 14 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ کپتان سرفراز احمد 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو گلیڈی ایٹرز 49رنز پر تین وکٹیں گنوا چکے تھے۔اس مرحلے پر ویدرلڈ کا ساتھ دینے اعظم خان آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 39 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 88 تک پہنچایا۔
35 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنانے والے ویدرلڈ اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے اور عاکف جاوید کا شکار بن گئے ہیں۔ویسٹ انڈیز سے آئے جارح مزاج آندرے رسل نے دو چھکے لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن ایک اور برا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹیں گنوا بیٹھے جبکہ محمد نواز بھی چار رنز ہی بنا سکے۔اس مرحلے پر گلیڈی ایٹرز کی تمام تر امیدیں اعظم خان سے وابستہ تھیں لیکن تجربہ کار حسن علی نے وکٹ کی پر کی مدد سے ان کی 26 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔مڈل آرڈر بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اختتامی اوورز کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی اور اننگز کی آخری گیند پر پوری ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم، حسن علی اور محمد موسیٰ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کولن منرو اور عثمان خواجہ نے پہلے ہی اوورز سے جارحانہ انداز اپنایا اور گلیڈی ایٹرز کے تمام باؤلرز کو تختہ مشق بنا کر تختہ مشق بنا کر رکھ دیا۔انہوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ہر اوور میں بہترین جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ابتدائی 6 اوورز میں 97 رنز بنائے۔یونائیٹڈ کو ہدف کے تعاقب میں کوئی بھی مشکل پیش نہ آئی اور انہوں نے 10 اوورز میں 134 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔منرو نے 36 گیندوں پر 5 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی شنادار اننگز کھیلی جبکہ عثمان خواجہ نے 27 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔
کولن منرو کو ان کی شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو آل راؤنڈر فہیم اشرف کی خدمات حاصل نہیں ہیں جو انجری کے سبب چند میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔لیگ کے پوائنٹس ٹیبل اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور گلیڈی ایٹرز دو پوائنٹس کے ساتھ آخیر نمبر پر موجود ہے۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاریوں پر مشتمل تھیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، فاف ڈیو پلیسی، عثمان خان، جیل ویدرلڈ، اعظم خان، محمد نواز، آندرے رسل، خرم شہزاد، زاہد محمود اور محمد حسنین۔
اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، کولن منرو، عثمان خواجہ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، روہیل نذیر، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، موسیٰ خان اور عاکف جاوید۔

Related Articles

Back to top button