ہاکی لیجنڈ اولمپئن منظور حسین جونیئر حرکت قلب ہونے سے انتقال کرگئے

ہاکی لیجنڈ اولمپیئن منظور حسین جونیئر حرکت قلب بند ہونے کے باعث لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور ہاکی لیجنڈ اولمپیئن منظور حسین جونیئر کو صبح چھ بجے اچانک دل کی شدید تکلیف کے باعث لاہور کے شالیمار اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا تھا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔

باخبر ذرائع کے مطابق 64 سالہ ہاکی لیجنڈ اولمپیئن کو پہلے ہی تین اسٹنٹ ڈالے جا چکے تھے۔

175مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے86 گول کرنے والے منظور جونیئر 28 اکتوبر 1958 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے،انہوں نے نے 1984 میں لاس اینجلس اولمپکس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا جب کہ آپ 1978 اور 1982 کی فاتح ٹیم کا بھی حصّہ رہے۔

دنیا آج بھی انہیں 1982 کے ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل کے ہیرو کے طور پر پہنچانتی ہے کیوں کہ اس میچ کے دوران منظور حسین نے چھ جرمن ڈیفنڈر کو ڈاج کرکے گول اسکور کرکے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔

طالبان حکومت نے امریکی ڈرونز کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال دی

ہاکی کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے منظور جونیئر کو 1984 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا تھا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے ہاکی لیجنڈ کی رحلت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ہے۔ ان کے ساتھی کھلاڑیوں اولمپین حنیف خان، اولمپین عبدالرشید جونیئر، اولمپئن شہناز شیخ، اولمپئن سمیع اللہ خان، اولمپین کلیم اللہ خان، اولمپیئن حسن سردار، اولمپیئن قاسم ضیا، اولمپئین اصلاح الدین صدیقی اور اولمپئین اختر رسول، اولمپئین وسیم فیروز سمیت دیگر نے بھی منظور جونیئر کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہاکی لیجنڈ منظور حسین جونیئر کی اچانک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ ’اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق منظور حسین جونیئر آرمی چیف جنرل باجوہ کے ذاتی دوست بھی تھے۔

Related Articles

Back to top button