شاہد آفریدی نے شاہین کو کپتان بنوانے میں کیا کردار ادا کیا؟

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انھوں نے داماد شاہین آفریدی کو کپتان بنانے میں کسی قسم کا کوئی کردار ادا نہیں کیا اور وہ یہ بات حلفاً کہتے ہیں، شاہین کو کپتان بنانے کا فیصلہ مکمل طور پر محمد حفیظ اور چیئرمین پی سی بی کا ہے۔ٹی وی انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ حلفاً اور قسم اٹھا کر کہہ سکتے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کی قومی ٹیم کا کیپٹن بنانے یا نامزد کروانے میں میرا کوئی کردار نہیں، میں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی یہی کہا تھا کہ بابراعظم کو کپتانی سے نہ ہٹایا جائے، اگر پھر بھی کوئی فیصلہ ناگزیر ہے تو پھر محمد رضوان کو وائٹ بال کا کیپٹن بنایا جائے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ میرا ایک رشتہ ہے، شاہین شاہ آفریدی نے جب پاکستان پریمیئر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندر کی کپتانی سنبھالی تھی تب بھی میں اس کے خلاف تھا۔ میں نے چیئرمین سے کہا کہ بابراعظم کوابھی نہ ہٹایا جائے۔شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ان سے نگراں وزیراعظم نے بھی پوچھا تھا کہ قومی ٹیم کی کپتانی کا کیا کریں، تو میں نے انہیں بھی واضح کہا تھا کہ پہلی بات تو یہی بہتر ہے کہ بابراعظم کو ہی قومی ٹیم کا کیپٹن رہنے دیں، انہیں تبدیل نہ کریں تاہم اگر وائٹ بال کے لیے آپ کو کوئی تبدیلی لانی ہی ہے تو پھر محمد رضوان کو ٹیم کیپٹن بنایا جائے، میرے منہ سے ہمیشہ سے سب نے محمد رضوان کا ہی نام سنا ہوگا۔سابق کپتان نے کہا کہ انہوں نے چیئرمین پی سی بی کو بھی یہی تجویز دی تھی کیوںکہ میں سمجھتا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ میرے رشتے کی وجہ سے سبھی یہی کہیں گے کہ شاہد میں کوئی لابنگ کر رہا ہوں، میں ایسی چیزوں میں نہ کبھی پڑا ہوں نا پڑوں گا، اگر میں ایسا چاہا رہا ہوتا تو آج چیئرمین پی سی بی کے خلاف بات نہ کر رہا ہوتا، سوشل میڈیا صارفین سے شکوہ کیا کہ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ لوگ میرے بارے میں کیا کچھ لکھ رہے ہیں کہ لالہ‘ نے کوئی لابنگ کی ہے، مجھے اس پر انتہائی حیرت ہو رہی ہے۔دوسری جانب پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے قومی ٹیم کی قیادت ملنے کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک خاندان اور برادری کی طرح رہیں گے، مجھ پر اعتماد کا اظہار کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ، چیئرمین ذکا اشرف کا شکرگزار ہوں، قوم کا نام روشن کرنے کے لیے پوری کوشش کریں گے۔شاہین شاہ آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فورم ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں اپنی قومی T20 کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے پرجوش ہوں اور فخر محسوس کر رہا ہوں، میں ٹیم سپرٹ کو برقرار رکھنے اور کرکٹ کے میدان میں اپنی قوم کا نام روشن کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کروں گا۔فاسٹ بائولر نے کہا کہ ہماری کامیابی اتحاد، اعتماد اور انتھک محنت میں ہے، ہم صرف ایک ٹیم نہیں ہیں، ہم ایک برادری اور ایک خاندان کی طرح رہیں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور شائقین کے اعتماد اور حمایت کے لیے شکریہ۔

Related Articles

Back to top button