شعیب اختر خود پر بنائی جانے والی فلم سے علیحدہ ہوگئے

راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے شعیب اختر نے اپنی زندگی کی کہانی پر بنائی جانے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ فیصلہ فلمساز کی جانب سے معاہدے کی بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں کے باعث کرنا پڑا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں انتہائی افسوس سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ کئی مہینوں کے غور و فکر کے بعد میں نے راولپنڈی ایکسپریس نامی فلم سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی قانونی ٹیم اور انتظامیہ کے ذریعے فلم بنانے والوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق فاسٹ باؤلر نے معاہدہ ختم ہونے کی وجوہات بتاتے ہوئے لکھا کہ میری زندگی پر فلم بننا یقینی طور پر یہ میرا خواب اور اسے حقیقی رنگ دینے کے لیے میں نے بہت کوشش کی لیکن بدقسمتی سے چیزیں بہتر نہیں ہوسکیں۔ شعیب اختر نے کہا کہ ’احسن طریقے سے اختلافات حل کرنے میں ناکامی اور معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں کے باعث آخر کار مجھے فلم ساز کے ساتھ تعلقات ختم کرنے پڑے۔‘ انہوں نے کہا کہ وہ قانونی طریقے سے پراجیکٹ سے علیحدہ ہوگئے ہیں، اگر فلم بنانے والوں نے فلم پر کام جاری رکھا اور میری زندگی میں ہونے والے واقعات اور میرا نام استعمال کرنے کی کوشش کی تو پھر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ فلم کے ڈائریکٹر فراز قیصر نے کہا تھا کہ شعیب اختر کی زندگی پر مبنی فلم کو حقیقت کا رنگ دینا ان کا خواب ہے۔ فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ رواں سال نومبر میں ریلیز ہونا تھی، پہلی بار کسی پاکستانی کھلاڑی کی زندگی پر مبنی فلم بنانے کا اعلان گزشتہ سال جولائی میں ہوا تھا۔ تب یہ بھی اعلان کیا گیا تھا کہ فلم میں شعیب اختر کا کردار معروف گلوکار اور ماڈل عمیر جسوال ادا کریں گے۔ لیکن اس دوران نومبر 2022 میں گلوکار عمیر جسوال نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اب وہ ذاتی وجوہات کی وجہ سے ’راولپنڈی ایکسپریس‘ نامی فلم میں سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کا کردار ادا نہیں کریں گے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ عمیر جسوال نے یہ اعلان شعیب اختر کے مشورے سے کیا تھا۔ تاہم فلمساز نے راولپنڈی ایکسپریس پر کام جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ سابق کرکٹر شعیب اختر نے جولائی 2022 میں بتایا تھا کہ انکی زندگی پر فلم بنائی جارہی ہے جس میں وہ باتیں اور انکشافات شامل ہوں گے جو کہ آج تک راز بنے ہوئے ہیں۔ سابق فاسٹ باؤلر نے بتایا تھا کہ بہت سارے لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ان سے متعلق ہر چیز جانتے ہیں مگر ایسا نہیں اور اب ان کی زندگی پر بننے والی فلم میں سب راز سامنے آ جائیں گے۔ تاہم اب ناگزیر وجوہات کی بنا پر شعیب اختر نے اس فلم کے پراجیکٹ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے اور یہ دھمکی بھی دے دی ہے کہ اگر اس پر کام جاری رکھا گیا تو وہ فلمساز کیخلاف قانونی چارہ جوئی بھی کریں گے۔

ہارون الرشید قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر تعینات

Related Articles

Back to top button