بلدیاتی انتخابات : الیکشن کمیشن کا شہباز شریف اور مریم نواز کو طلب کرنے کا عندیہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو طلب کرنے کا عندیہ دے دیا۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاخیر کے معاملےپر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سماعت کی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کےکیس میں کہاکہ الیکشن کمیشن اگلی سماعت پر پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا حکم کردے گا جو آپ کےلیے سبکی کا باعث بنےگا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ پنجاب کے سوا تینوں صوبوں نے بلدیاتی الیکشن کرادیا،یہ نہیں ہو سکتا کہ صوبائی حکومت قانون سازی نہ کرے اور 5 سال الیکشن ہی نہ ہوں۔
چیف الیکشن کمشنر کے استفسار پر وزیر بلدیات پنجاب نے کہاکہ قانون سازی کا معاملہ قائمہ کمیٹی میں زیر غور ہے،کوشش ہےجلد قانون سازی کرائی جائے۔
اس پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مؤقف اپنایا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں حکومتیں بلدیاتی انتخابات میں دلچپسی نہیں رکھتیں۔
بلوچستان کے شہر سوراب میں ریاستی رٹ کی دھجیاں کس نے اڑائیں؟
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس میں کہاکہ وفاق اور پنجاب میں (ن) لیگ کی ہی حکومت ہے،وہیں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے،اگلی سماعت پر کوئی پیش رفت ہونی چاہیے،آپ سے ٹائم نہیں پوچھیں گے اب کمیشن ٹائم دے گا۔
سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن وزیر اعلیٰ پنجاب کو بلاسکتا ہے، اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن نہ ہو تو الیکشن کمیشن وزیراعظم کو بھی بلاسکتا ہے۔