شہداء اور غازی ہمارا فخر ہیں، ان کا احترام فرض ہے : آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا ہے کہ شہداء اور غازی ہماری قومی پہچان اور فخر ہیں،ان کا احترام اور عزت ہر پاکستانی پر فرض ہے۔آج جو امن اور آزادی ہمیں حاصل ہے وہ ان بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کی مرہون منت ہے۔
جنرل ہیڈ کوارٹرز ( جی ایچ کیو ) راولپنڈی میں ایک پر وقار اعزازی تقریب کا انعقاد کیاگیا، جہاں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے ملک و قوم کےلیے نمایاں خدمات اور جرات مندانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالے افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات سے نوازا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشن ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے بتایاگیا ہےکہ آرمی چیف نے تقریب سے خطاب میں واضح کیاکہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں،جن کا احترام ہر پاکستانی کےلیے مقدس ہے،آج کا امن اور آزادی شہداء کی قربانیوں کے مرہون منت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیرمعمولی بہادری اور قوم کےلیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازا۔
تقریب میں اعلیٰ فوجی حکام اور ایوارڈ حاصل کرنےوالوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی،فوجی جوانوں کو میدان جنگ میں جرات و بہادری پر ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت دیے گئے۔شہداء کے میڈلز ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔
آرمی چیف نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں، شہدا کی عزت اور احترام ہم سب پر امانت ہے، ملک و قوم کا امن و استحکام شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے۔
آرمی چیف نے شہداء کے اہل خانہ کے عزم و حوصلے کی بھی تعریف کی،جنرل عاصم منیر نے شہداء کے اہل خانہ کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔
بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے : آرمی چیف
تقریب میں آرمی چیف نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے عزم کو سراہا، آرمی چیف نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی خدمات کو سراہا۔