ایم کیو ایم مردہ سیاست کو زندہ کرنے کےلیے پیپلز پارٹی پر تنقید کررہی ہے : پیپلز پارٹی

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ ایم کیو ایم مردہ سیاست کو زندہ کرنے کےلیے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہاکہ ایم کیو ایم کے کسی بھی رہنما کے بیان کو سنجیدہ نہیں لیتے،کراچی میں تاجروں کے اعزاز میں ظہرانہ ایک کامیاب اجتماع تھا۔
شرجیل میمن نے کہاکہ ایم کیو ایم مردہ سیاست کو زندہ کرنے کےلیے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتی ہے۔
دوسری جانب میئر کراچی اور بلاول بھٹو کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ ایم کیو ایم رہنماؤں کی پیپلز پارٹی مخالف پریس کانفرنس جھوٹ کے سوا کچھ نہیں، ایم کیو ایم رہنما آپسی اختلافات کا غصہ کسی اور پر نکال رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر ایم کیو ایم رہنماؤں کو اپنا داغدار ماضی یاد آجاتاہے۔
ایم کیو ایم کا ماضی بوری بند لاشوں اور بھتہ خوری سےمزین ہے،ایم کیو ایم والوں کو کراچی کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی۔
مرتضیٰ وہاب نےکہا کہ جتنےبھی روڑے اٹکالیں ہم کراچی کی رونقیں بحال کرکے دم لیں گے،پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کےمطابق کام کر رہی ہے اور کرتی رہےگی۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی سندھ کےجنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہاکہ خالد مقبول صدیقی کی بوکھلاہٹ کی وجہ تاجروں کا بلاول بھٹو کے ساتھ کھڑےہونا ہے،کراچی کےعوام کی حمایت ایم کیو ایم کے ہاتھوں سے پھسل چکی ہے۔
کراچی کے تاجروں سے بلاول بھٹو کا لہجہ دھمکی آمیز تھا : خالد مقبول صدیقی
واضح رہے کہ چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے اپنی پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام لگاتے ہوئےکہا کہ کراچی کے تاجروں سےگفتگو میں بلاول بھٹو کا لہجہ دھمکی آمیز تھا۔