مصطفیٰ قتل کیس: شریک ملزم شیراز کے سنسنی خیز انکشافات

کراچی میں مصطفیٰ اغوا اور قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کےساتھی شیراز نے انکشاف کیا ہےکہ نیو ایئر نائٹ پر ارمغان نے مقتول کے ساتھ مل کر منشیات کا استعمال کیا اور پھر اسے قتل کرنےکی منصوبہ بندی کی۔

مصطفیٰ قتل کے شریک ملزم شیراز کا انٹرویو سامنے آیا ہےجس میں اس نے سنسنی خیز انکشافات کیےہیں۔

شیراز مرکزی ملزم ارمغان کا قریبی دوست ہےجس نے ویڈیو بیان میں بتایاکہ ارمغان نے مصطفیٰ عامر کو کئی گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اسے کپڑوں سے باندھ کر حب میں جلادیا۔

شیراز نے تفتیشی افسر کو بتایاکہ ارمغان لڑکی سے ناراضی کے باعث پاگل ہوگیاتھا، جس کےبعد اس نے مصطفیٰ عامر کو قتل کرنےکا منصوبہ بنایا۔

ملزم شیراز کےمطابق ارمغان اور مصطفیٰ نے پہلے منشیات کا استعمال کیا،جس کےبعد ارمغان نے ڈنڈا نکالا اور مصطفیٰ پر تشدد کرنا شروع کر دیا۔

شریک ملزم نے بتایاکہ ارمغان نے تشدد کرنے کےبعد مصطفیٰ عامر کےہاتھ پاؤں باندھ دیے اور گھر سے پیٹرول کا ڈرم لےکر مصطفیٰ کی گاڑی میں رکھ دیا۔

شریک ملزم کےمطابق ارمغان نے اس کےبعد مصطفیٰ عامر کو زخمی حالت میں ہی گاڑی میں ڈالا،تاہم اس وقت وہ شدید زخمی ہوچکا تھا۔

شیراز نے انکشاف کیا کہ ارمغان نے کئی گھنٹے تک مصطفیٰ عامر پر گھر میں تشدد کیااور پھر گاڑی میں ہی اس کو آگ لگادی۔ مصطفیٰ عامر کو گاڑی سمیت جلانے کےبعد ہم بلوچستان سےکئی گھنٹے پیدل چل کر کراچی پہنچے۔

شیراز کےمطابق ارمغان اس کا بچپن کا دوست ہے،بات کو جاری رکھتےہوئے اس نے کہا کہ ہماری دوستی ختم ہوگئی تھی تاہم کچھ عرصہ قبل وہ میرے گھر آیا جس کےبعد دوبارہ دوستی ہوگئی۔

شریک ملزم نے اپنےبیان میں مزید کہا ہےکہ میں ارمغان کا لائف اسٹائل دیکھ کر متاثر ہو گیا تھا،ہم نےکئی پارٹیاں ساتھ کی ہیں۔

ملزم نےبتایا کہ نیو ایئر نائٹ کو ارمغان مصطفیٰ سے ناراض ہو گیا تھا،مصطفیٰ اور ارمغان دوست نہیں تھے،مصطفیٰ کی جانب سے ارمغان کو منشیات سپلائی کی جاتی تھی۔

مصطفیٰ قتل کیس: ملزمان ارمغان اور شیراز کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع

واضح رہےکہ مصطفیٰ عامر کو 6 جنوری کو کراچی سے اغوا کیاگیا اور پھر ایک ماہ بعد 8 فروری کو پولیس نے کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان مومن میں ایک بنگلے پرچھاپہ مارا جہاں پولیس پر فائرنگ بھی کی گئی تھی۔

پولیس کی جانب سے ارمغان کو حراست میں لیاگیا تو دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ اس نے شیراز کےساتھ مل کر مصطفیٰ عامر کو قتل کیا ہے۔

Back to top button