قومی سلامتی کی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہی: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
سینئر رہنما مسلم لیگ ن اور وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں مسنگ پرسنز کے مسئلے پر بھی بات ہوگی، بہت سےلوگ دہشت گردی میں شامل ہیں،کچھ بیرون ملک بیٹھے ہیں اور ان کے نام مسنگ پرسنز کی فہرست میں ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو مسنگ پرسنز کمیشن کا چیئرمین بنانےکے اقدام کو ’کمپرومائزڈ‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ جنہوں نے انہیں سربراہ بنایا کیا ان کی نیت ٹھیک تھی؟ یہ غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے،وہ سلالہ اور مسنگ پرسنز سمیت 4 کمیشنز کے سربراہ تھے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ بہت سارے لوگ جن کا تعلق شرپسندی سے تھا جب انہیں رہا کیاگیا تو وہ دوبارہ اس کام میں مصروف ہوگئے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاپتہ افراد کی تعداد بہت بڑی نہیں اور ان میں سے بہت سارے لوگ دہشت گردی میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میں لاپتہ افراد کے معاملے کی اہمیت کو کم نہیں کر رہا لیکن جو لوگ اس مسئلے سے اس طرح نمٹ رہے ہیں وہ بلوچستان کے ساتھ کتنا مخلص ہیں؟اجلاس میں اس مسئلےپر بھی بحث ہوگی اور اس کا حل بھی ڈھونڈنا چاہیے۔
پی ٹی آئی نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت عمران خان سے ملاقات سے مشروط کردی
واضح رہےکہ ملک کی سکیورٹی صورت حال پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس طلب کیا ہے۔