نواز شریف اپنا زیادہ وقت پرانے خطوط پڑھ کر کیوں گزارتے ہیں؟

 سیاسی طور پر خاموش قائد مسلم لیگ نون میاں نواز شریف کی جانب سے دن کا زیادہ وقت ڈاک پڑھنے میں گزارنے کا انکشاف ہوا ہے۔ خیال رہے کہ اپنے بھائی شہباز شریف اور بیٹی مریم نواز کی جانب سے وفاق اور پنجاب کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سیاسی گوشہ نشینی اختیار کرنے والے نواز شریف نے گذشتہ کچھ عرصے سے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ پچھلے کچھ مہینوں سے نہ تو وہ کسی سیاسی تقریب میں شرکت کرتے دکھائی دئیے ہیں اور نہ ہی کسی چینل سے ان کی گفتگو کی کوئی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ یہاں تک کہ اب تو ان کی جانب سے مذمتی بیانات اور مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ بھی رک چکا ہے۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ آج کل سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف اپنا دن کیسے گزارتے ہیں؟ ان کے معمولات کیا ہوتے ہیں؟ کیا حکومت معاملات میں ان کی مداخلت اب بھی موجود ہے یا انھوں نے حکومتی معمولات بارے بھائی اور بیٹی کو فری ہینڈ دے رکھا ہے؟

نون لیگی ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف آج کل جاتی امرا میں مصروف دن گزارتے ہیں۔ ہر اتوار کو ان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوتی ہے، جس میں حکومتی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔ جاتی امرا میں ہونے والی اہم میٹنگز میں مریم نواز بھی موجود ہوتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف ہر ہفتے بڑے بھائی سے ملاقات کے لیے جاتی امرا پہنچتے ہیں، آج کل حسن نواز بھی رائیونڈ میں موجود ہیں، اور وہ مختلف امور میں اپنے والد کا ساتھ دیتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کو حکومتی معاملات کے حوالے سے گائیڈ کرتے رہتے ہیں، لیکن آج کل انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو فری ہینڈ دیا ہوا ہے۔نواز شریف سمجھتے ہیں کہ مریم نواز پنجاب میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں، آہستہ آہستہ صوبے میں گورننس کی صورت حال بھی بہتر ہورہی ہے۔ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے پیچھے نواز شریف کا ویژن ہے۔ نواز شریف چاہتے ہیں کہ پنجاب صاف ستھرا ہونا چاہیے اور اس حوالے سے وہ وزیراعلیٰ مریم نواز کو گائیڈ کرتے رہتے ہیں۔

جاتی امرا ذرائع کے مطابق نواز شریف آج کل اپنا زیادہ وقت ڈاک پڑھنے میں گزارتے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر جو ڈاک موصول ہوتی ہےوہ نواز شریف تک پہنچا دی جاتی ہے۔ صدر ن لیگ کی ہدایت ہے کہ ڈاک 9 بجے ان کے ٹیبل پر پہنچ جایا کرے۔

ذرائع نے بتایا کہ آج کل جاتی امرا میں جو ڈاک موصول ہوتی ہے، اس میں زیادہ تر مبارکباد کے پیغامات ہوتے ہیں۔ نواز شریف کے چاہنے والے ابھی تک ان کو سالگرہ کی مبارکباد کے پیغامات بھجوا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حسین نواز کے بیٹے کی شادی کی مبارک باد کے پیغامات بھی بذریعہ ڈاک موصول ہوتے ہیں۔ ڈاک کے ذریعے متعدد لیگی کارکنان خط لکھ کر نواز شریف کی خیریت بھی دریافت کرتے ہیں۔جاتی امرا ذرائع کے مطابق خطوط پڑھنے کے بعد نواز شریف ان میں سے کچھ کا جواب بھی دیتے ہیں، اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

تحریک انصاف دوبارہ سے دھوکہ باز مولانا کا ساتھ کیوں مانگنے لگی ؟

لیگی ذرائع کے مطابق ’نواز شریف کو ڈاک پڑھنا اور اس کا جواب دینا بہت پسند ہے، اس ڈیجیٹل دور میں بھی وہ ڈاک کے ذریعے موصول خطوط کو پسند کرتے ہیں حالانکہ موبائل پر بھی بہت سے پیغامات موصول ہوتے ہیں لیکن وہ ڈاک پڑھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔‘ ذرائع کے مطابق کچھ دیر ڈاک پڑھنے کے بعد نواز شریف زرعی زمینوں کا دورہ بھی کرتے ہیں، اس کے علاوہ اگر پسند کا کوئی سامان لینا ہو تو مارکیٹ کا چکر بھی لگالیتے ہیں۔ اکثر شام کے وقت وہ پنجاب کے حوالے سے جائزہ میٹنگ بھی رکھتے ہیں۔ جس میں گڈگورننس اور عوام کو ریلیف دینے پر ان کا زور ہوتا ہے۔

ذرائع کے مطابق حسین نواز کے بیٹے کی شادی سے قبل میاں نواز شریف جاتی امرا میں گھر کی تزئین و آرائش میں خاصے مصروف رہے ہیں۔ اب چونکہ نواز شریف کی وہ مصروفیات ختم ہوگئی ہیں اس لئے اب وہ اپنے کاروبار پر بھی توجہ دے رہے ہیں، جبکہ پارٹی کے جو رہنما نواز شریف سے ملاقات کے لیے آتے ہیں نواز شریف انھیں بھی بھرپور وقت دیتے ہیں۔

Back to top button