پی ٹی آئی کے نہ آنے پر مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ملتوی

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے نہ آنے پر آج مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ملتوی کر دیا تاہم کمیٹی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

حکومتی کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتےہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاکہ میں نے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا ہے،انہوں نے کہا ہےکہ ہم اپنی اعلیٰ قیادت سے رابطہ کرکے بتائیں گے،ہم اپنا اجلاس کریں گے اس میں دیکھتےہیں کیا ہوتا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہاکہ توقع تھی کہ آج اپوزیشن کے دوست تشریف لائیں گے، آج 45 منٹ انتظار کیا،میسج بھی کیا،وہ نہیں آئے، مذاکرات ہی واحد راستہ ہے جس پر آگےبڑھ سکتے ہیں۔

ایاز صادق کاکہنا تھاکہ ان کی غیر موجودگی کی وجہ سے مذاکرات آگےنہیں چل سکے، اپوزیشن سے درخواست کرتا ہوں مذاکرات کا راستہ نکالا جائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نےکہا کہ گزشتہ اجلاس میں فیصلہ ہوا تھاکہ 7 ورکنگ دنوں میں دوبارہ اجلاس ہوگا،آج 7 دن پورے ہوگئے،اس متعلق ہم نے سب کو اجلاس کی دعوت دی۔

ان کاکہنا تھاکہ 3 ملاقاتیں کیں لیکن ان کی غیرموجودگی کی وجہ سے مذاکرات آگے نہیں چل سکتے، اب مذاکرات کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔

حکومت کا پی ٹی آئی کے مطالبات پر تحریری جواب تیار

ایاز صادق نےیہ بھی کہاکہ میری حکومت اور اپوزیشن سے گزارش ہےکہ مذاکرات کا راستہ دوبارہ اختیار کیا جائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتےہوئے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہاکہ امید ہے اپوزیشن اسپیکر سے رابطہ کرےگی،مناسب نہیں کہ ان کی غیر موجودگی میں ہم یک طرفہ بیان دیں۔

Back to top button