عالمی یوم پارلیمان: وزیراعظم کا جمہوریت، شفافیت اور نمائندگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ

عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ یہ دن دنیا بھر میں جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے ہمارے اجتماعی عزم کی تجدید کا موقع ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پارلیمان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ یہ دن ہر سال 30 جون کو منایا جاتا ہے، یہ دن پارلیمان کے اس اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے جو جامع طرز حکمرانی، خواتین و نوجوانوں کی مؤثر نمائندگی اور قانون سازی میں تکنیکی جدت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی پارلیمنٹ جمہوری نظام کی بنیاد ہے جو قانون سازی کے اختیارات اور متحرک قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے احتساب،شفافیت اور ایگزیکٹو کی مؤثر نگرانی کو ممکن بناتی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ آئین پاکستان کے آرٹیکلز 51 اور 59 کے تحت خواتین کی نمائندگی مخصوص نشستوں کے ذریعے یقینی بنائی گئی ہے،جس کے نتیجے میں ہماری خواتین اراکینِ پارلیمنٹ قیادت کے اہم مناصب پر فائز ہیں۔اس وقت 8 خواتین سینیٹرز اور 4 خواتین اراکینِ قومی اسمبلی مختلف پارلیمانی کمیٹیوں کی چیئرپرسنز کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  پارلیمان جدید تقاضوں کےمطابق قانون سازی کے عمل میں متحرک ہے،خصوصاً صنفی مساوات اور سماجی تحفظ کے فروغ میں نمایاں پیش رفت کی گئی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان کے اراکینِ پارلیمنٹ عالمی پارلیمانی سفارت کاری میں بھی متحرک کردار ادا کررہے ہیں اور بین الپارلیمانی یونین (IPU) جیسے عالمی فورمز کے ذریعے امن،ترقی اور عالمی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے بعد پاکستان کے کثیر الجماعتی پارلیمانی وفد نے بین الاقوامی سطح پر قومی مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا، جو پارلیمان کے سفارتی کردار کی اہمیت کو ظاہر کرتاہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یوم پارلیمان منایا جا رہا ہے

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ حکومت اور پارلیمان مل کر جمہوریت، شفاف طرزِ حکمرانی، قانون کی حکمرانی،خواتین و نوجوانوں کی نمائندگی اور جدید قانون سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کےلیے اپنے اقدامات جاری رکھیں گے۔

Back to top button