ضلع کرم میں آپریشن مسائل کا حل نہیں : مولانا فضل الرحمٰن

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہےکہ ضلع کرم میں آپریشن سے معاملات حل نہیں ہوں گے۔
مردان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا میں حکومت کی کوئی رٹ نہیں،کچھ لوگوں کو اسٹیبلشمنٹ کی آشیرباد کے ساتھ کرسیوں پر بٹھا دیا گیا ہے، خیبرپختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم ہے، کمیشن وصول کیے جا رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھاکہ ضلع کرم میں آپریشن کے ذریعے معاملات حل نہیں ہوں گے اور طاقت کے ذریعےمسائل کا حل ڈھونڈنا ناعاقبت اندیشی ہوگی۔
انہوں نے تجویز دی کہ سیاستدانوں کو اعتماد میں لے کر جرگے کےذریعے مسائل حل کیے جائیں،کرم کی صورت حال پر اسٹیبلشمنٹ ہم سےکوئی مشورہ لینا چاہے تو انکار نہیں کریں گے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نظر نہیں آرہی لیکن ہم پر امید رہیں گےکہ یہ مذاکرات کامیاب ہوں،ہم مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کےحق میں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مذاکرات سے اختلافات ختم نہ بھی ہوں لیکن رویوں میں بہتری آئےتو اچھی بات ہوگی۔
نواز شریف کو پھانسی سے بچانے کےلیے بل کلنٹن نےکیا کردار ادا کیا ؟
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرم کےمتاثرہ علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کےمطابق شرپسند عناصر کےخلاف بلاتفریق سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں چند شرپسندوں کےخلاف کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔