بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کےلیے پاک فوج کی جنگی مشقیں جاری

پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کا دندان شکن جواب دینے کےلیے پاک فوج مکمل طور پر تیار ہے۔
سکیورٹی ذرائع کےمطابق پاک فوج کی جنگی مشقیں پورے زور و شور سے جاری ہیں،جنگی حکمت عملی کے پیش نظر مشقوں میں جدید ہتھیاروں کا عملی مظاہرہ بھی کیا جارہا ہے۔
جنگی مشقوں میں افسران اور جوان اپنی پیشہ ورانہ مہارتیں بھرپور طریقے سے دکھارہے ہیں۔مشقوں کا مقصد دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیناہے۔
قبل ازیں 29 اپریل کو پاکستان نے بھارت کو عملی طور پر منہ توڑ جواب دیاتھا، پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک ہی روز میں بھارتی فوج کے 2 کواڈ کواپٹر مارگرائے تھے۔
پاک بھارت کشیدگی کے باعث خیبرپختونخوا کے 29 اضلاع کو الرٹ رکھنے کے لیے 50 سائرن نصب
واضح رہےکہ پہلگام واقعے کےبعد بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزام تراشی کی وجہ سے پاک بھارت کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کےدرمیان حالیہ کشیدگی ختم کرانے کےلیے بین الاقوامی برادری بھی میدان میں آگئی ہے جب کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ٹیلی فونک رابطے میں اس بات پر زور دیاکہ بھارت کشیدگی کم کرانے اور خطے میں امن کےلیے پاکستان کے ساتھ تعاون کرے۔