پاکستان کا عالمی برادری سے مودی کے پرتشدد اور نفرت انگیز بیانات کا نوٹس لینے کا مطالبہ

پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی گجرات میں حالیہ تقریر کو نفرت انگیز،پرتشدد اور عالمی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتےہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم کے بیان پر وزارت خارجہ نے ردعمل دیتےہوئے کہا ہےکہ مودی کا بیان نفرت انگیز اور پُرتشدد ہے،مودی کا بیان اقوام متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے کہاگیا ہے کہ پاکستان مودی کے بیان کو لاپرواہی اور اشتعال انگیزی سمجھتا ہے، پاکستان اپنی سالمیت، خود مختاری کےلیے کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرےگا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کو بھارت کی بیان بازی کا نوٹس لینا چاہیے، بھارت کی بیان بازی سے خطےکے امن و استحکام کو نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کےبیان کامقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹاناہے۔
واضح رہےکہ نریندر مودی حالیہ جنگ میں شکست کےبعد سیاسی فوائد سمیٹنے کےلیے اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔گزشتہ شب گجرات میں تقریر کرتےہوئے نریندر مودی نے الزام عائد کیاکہ پاکستان نے دہشت گردی کو اپنی انکم کا ذریعہ بنا رکھا ہے، پاکستانی عوام دہشتگردی کے خاتمے کےلیے نکلیں، روٹی کھائیں،ہوا کھائیں،ورنہ کھانے کےلیے میری گولی تو ہےہی۔