پاکستان کی فضائی حدود بھارتی ائیر لائنز کےلیے مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ

پاکستانی فضائی حدود بھارت کی ائیر لائنز کےلیے مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے 24 اپریل کو بھارتی ائیر لائنز کےلیے فضائی حدود ایک ماہ کےلیے بند کردی تھیں۔
خیال رہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارت کی ائیر لائنز کو ایک ماہ میں 800 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم اب پابندی مزید برقرار رکھنےکا فیصلہ کیاگیا ہے جس کا اعلان آج یا کل متوقع ہے،جس کےبعد نوٹم جاری کیا جائےگا۔
فضائی حدود کی پابندی برقرار رہنےکی صورت میں مودی حکومت نے اگر ائیر لائنز کے مطالبات کےمطابق خصوصی مدد نہیں کی تو انہیں آپریشن برقرار رکھنے کےلیے غیرمعمولی اور بڑے فیصلے کرنا پڑسکتے ہیں۔
ذرائع کےمطابق بھارتی ائیر لائنز کو صرف ایندھن کی مد میں تقریباً 500 کروڑ روپے کا جھٹکا لگا ہے جب کہ اسٹاپ اوور کے 30 دن کے اخراجات 3 ارب روپے لگائے گئے ہیں۔
ماہرین کےمطابق بوئنگ 777 طیارہ 1 گھنٹے میں 6668 کلو گرام اور ائیربس اے 319، 320 یا 321 طیارہ 1 گھنٹےمیں اوسط 2400 کلو گرام ایندھن استعمال کرتا ہے۔
ایک کلو گرام جیٹ ایندھن کی اوسط قیمت اشاریہ 82 ڈالر ہے اور بھارت میں 6668 کلو گرام جیٹ ایندھن کی موجودہ قیمت 5467 ڈالر بنتی ہے، بوئنگ 777 یا 787 طیاروں کی یومیہ 75 گھنٹے اضافی پروازوں صرف ایندھن کی مد میں 4 لاکھ 10 ہزار ڈالر کا اضافی خرچ پڑتا ہے،اسی طرح ائیربس اے 319، 320 یا 321 طیارےکی ایک گھنٹے کی پرواز کا اضافی فیول 1968 ڈالر بنتا ہےاور یومیہ 75 گھنٹے اضافی پروازوں پر ایندھن کی مد میں 1 لاکھ 47 ہزار ڈالر کے اضافی اخراجات لگتےہیں۔
بھارت کی ائیرلائن کی پروازوں کو 2 سے 4 گھنٹے تک اضافی سفر کرنا پڑرہا ہے لیکن یہاں 150 گھنٹے کا حساب کتاب سامنے رکھاگیا ہے،بھارت سے امریکا،کینیڈا، یورپ،برطانیہ یا دیگر ممالک آنے جانے کےلیے 75 بوئنگ اور 75 ائیربس طیاروں کے روزانہ 2 گھنٹے اضافی سفر پر 5 لاکھ 57 ہزار 625 ڈالر کا اضافی ایندھن جلانا پڑا ہے،ائیر انڈیا اور دیگر بھارتی ائیر لائنز کے صرف ایندھن کے اضافی اخراجات 5 ارب پاکستانی روپے بنتےہیں۔
طویل روٹس کی بھارتی پروازوں کے عملےکو ڈیوٹی ٹائم دورانیے کی وجہ سے ٹرانزٹ ائیر پورٹس پر بدلنا پڑ رہا ہے،ساتھ ہی 2 بار لینڈنگ،ری فیولنگ اور ائیر پورٹ چارجز کی مد میں یومیہ لاکھوں ڈالر دینے پڑ رہے ہیں جس کے 30 دن کے اخراجات کا تخمینہ ڈھائی سے 3 ارب روپے لگایاگیا ہے۔
پابندی سے سب سے زیادہ ائیر انڈیا متاثر ہوئی ہےجو حکومت سے امداد کا مطالبہ کر چکی ہے اس کے علاوہ آکاسا ائیر،اسپائس جیٹ،انڈیگو ائیر اور ائیر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں بھی پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے جزوی متاثر ہیں۔
امرتسر،دہلی، احمدآباد،بنگلور اور جے پور کی پروازوں کو تقریباً پورے بھارت پر سفر کر کے بحیرہ عرب سے گزرنا پڑ رہا ہے۔
آرمی چیف کوفیلڈمارشل کےعہدے پرترقی دینےکی منظوری،نوٹیفکیشن جاری
ذرائع کےمطابق یہ پابندی برقرار رہی تو بھارتی ائیرلائنز کو کرایوں میں غی معمولی اضافے کے علاوہ روٹس کے ردوبدل کے فیصلوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے