بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا پاکستان پوری قوت سے جواب دے گا : محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بھارت جان بوجھ کر سازش کے ذریعے خطے کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے، پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کےلیے پوری طرح تیار ہیں۔بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا پاکستان پوری قوت سے جواب دے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں، محسن نقوی نے دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھارتی اقدامات پر پاکستان کے موقف اور فیصلوں پر اعتماد میں لیااور نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی سے ملاقات میں مولانا فضل الرحمٰن نے واضح کیاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مسلمان دشمن ہے،اسلام اور مسلمانوں کے مقابلے میں جہاں کوئی محاذ ملےگا وہاں کھڑا ہو جائے گا۔
سینیٹر محسن نقوی نے کہاکہ بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دےگا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمٰن کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
علاوہ ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے بھی ملاقات کی اور پاک بھارت حالیہ کشیدگی اور سرحدوں کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے حافظ نعیم الرحمٰن کو بھی نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلوں کے بارےمیں بریفنگ دی اور پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں سےآگاہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے بھارت کے غیرمنطقی اقدامات کے تناظر میں پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کی اور بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاکہ بھارت کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے،لاکھوں بےگناہ کشمیریوں کو قتل کرنےوالی بھارتی سرکار کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، امیر جماعت اسلامی نے فلسطین کی موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم کا اماراتی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، پاک بھارت صورتحال پر تبادلہ خیال
محسن نقوی نےکہا کہ بھارت جان بوجھ کر سازش کےذریعے خطے کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے،سیاسی اکابرین اور قوم بھارت کی کسی بھی جارحیت کےخلاف یکجا ہے اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کےلیے پوری طرح تیار ہیں۔