پاکستانی اور عالمی میڈیا کا ایل او سی کا دورہ، بھارتی پروپیگنڈا بےنقاب

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہےکہ اپنی خودمختاری کے دفاع کےلیے ہر حد تک جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بین الاقوامی و ملکی میڈیا کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کروا کر بھارت کے دہشت گردی کے کیمپوں کے بےبنیاد الزامات کا پول کھول دیا۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے عالمی میڈیا کو ایل او سی کا دورہ کروانے کا مقصد بھارت کی جانب سے پھیلائےگئے جھوٹے اور بےبنیاد پروپیگنڈے کو بےنقاب کرنا تھا۔اس دورے میں بھارتی پروپیگنڈے کو بےنقاب کرنے کےلیے زمینی حقائق میڈیا کے سامنے پیش کیےگئے، پاکستانی اور غیرملکی صحافیوں کو ان مخصوص مقامات پر لےجایا گیا،جنہیں بھارت نے مبینہ طور پر دہشت گردی کے ٹھکانے قراردیا تھا۔
میڈیا نمائندگان نے زمینی حقائق،مقامی آبادی کی گواہی اور حالات کا خود مشاہدہ کیا۔
وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ بھارت کی جانب سےکئی بار پاکستان پر بےبنیاد الزامات لگائےگئے،ہم نے بین الاقوامی اور ملکی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھ دیے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہاکہ بھارت جن مقامات کو خیالی دہشت گرد کیمپس قرار دیتاہے، ، وہ دراصل عام شہری آبادی کے علاقےہیں۔ وہاں کی حقیقت دنیا نےدیکھ لی اور بھارت کا پروپیگنڈا دم توڑگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہےجو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کےلیے بھی پر عزم ہے اور پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی یا دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ کاکہنا تھاکہ ہم نے اپنے عمل سے بارہا ثابت کیاکہ ہم امن کے داعی ہیں لیکن اپنی خود مختاری کے دفاع کےلیے ہم ہر حد تک جائیں گے،بھارت کو الزام تراشی سے پہلےاپنے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیناچاہیے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کےلیے لائن آف کنٹرول پر پروپیگنڈا کرتا ہے لیکن آج عالمی میڈیا نے خود اپنی آنکھوں سے اصل حقیقت دیکھ لی ہے،پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کے سامنے واضح کیا ہےکہ وہ علاقائی امن کےلیے پرعزم ہے، تاہم کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔
بھارت کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا منہ توڑ جواب
یاد رہےکہ بھارت کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 2 بار ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔