کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس انتقال کر گئے

کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے،ویٹی کن سٹی نے پوپ فرانسس کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
ویٹی کن سٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیا ہےکہ پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں آج صبح انتقال کر گئے۔
پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے اور طویل بیماری کےبعد چند روز قبل ہی صحتیاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوئے تھے، پوپ فرانسس نے اتوار کو ایسٹر کے موقع پر لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
یاد رہےکہ پوپ فرانسس کا نام خورجے ماریو برگولیو تھا اور انہوں نے 2013 میں پوپ بینڈکٹ کے استعفے کے بعد پوپ کا عہدہ سنبھالا تھا، پوپ فرانسس اس سے پہلے ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے۔
پوپ فرانسس گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور 14 فروری کو سانس کی شدید تکلیف کے باعث اسپتال داخل کیاگیا تھا، نمونیا کے باعث 5 ہفتے اسپتال میں گزارنے کےبعدپوپ فرانسس گزشتہ ماہ ویٹی کن لوٹے تھے۔