صحافیوں نے وزیر خزانہ کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا

صحافیوں نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا۔
اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے آغاز میں ہی صحافی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور بجٹ پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کی جانب سے تکنیکی بریفنگ نہ دینے پر شدید احتجاج کیا۔
واضح رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے نئے بجٹ پر گزشتہ روز تکنیکی بریفنگ نہیں دی گئی تھی،جس پر پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے آغاز میں ہی صحافیوں نے احتجاج شروع کر دیا اور چیئرمین ایف بی آر سے معافی کا مطالبہ کرتےہوئے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔
صحافیوں نے موقف اپنایاکہ بجٹ پر تکنیکی بریفنگ نہ دےکر ٹیکسز سے متعلق حقائق چھپانےکی کوشش کی گئی ہے۔
صحافیوں کے واک آؤٹ کےبعد چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال اور دیگر حکام اپنی نشستیں چھوڑ کر صحافیوں کو منانےان کے پاس گئے۔
چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے صحافیوں کو منانےکی کوششیں کامیاب نہ ہونے کےبعد وزیر خزانہ نے سینئر صحافیوں کی غیرموجودگی میں ہی پریس کانفرنس شروع کر دی۔