یوم تشکر : اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے ہمیں فتح سے نوازا : صدر آصف زرداری

صدر آصف علی زرداری نے ’یوم تشکر‘ کےموقع پر پاک فوج کے بہادر جوانوں اور عسکری قیادت کو بھارت کےخلاف عظیم فتح پر خراج تحسین پیش کرتےہوئے کہا کہ بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں آپریشن بُنیان مرصوص کا جشن ہمارے لیے بہت بڑا لمحہ ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم تشکر کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے ہمیں اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا۔
صدر آصف علی زرداری کاکہنا تھاکہ بھارتی جارحیت کےجواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر منارہے ہیں۔
ان کاکہنا تھاکہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور سربراہان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی صرف پاکستانی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے،قوم دشمن کی جارحیت کےخلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑی رہی۔
صدر آصف علی زرداری نےکہاکہ مسلح افواج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا پیشہ ورانہ انداز میں بھرپور قوت سے جواب دیا،دنیا نے پاکستان کےصبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری آپریشنل مہارت کو تسلیم کیا۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان پُر امن ملک ہے،ہم کسی کےخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے،تاہم پاکستان اپنی خودمختاری،جغرافیائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرےگا،ہماری سرزمین کےخلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائےگا۔
صدر مملکت کاکہنا تھاکہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتےہیں، معاہدےمیں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں ہے، پاکستان اپنے آبی حقوق کےتحفظ کےلیے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائےگا۔
ان کاکہنا تھاکہ ان بہادر سپاہیوں کو سلام جنہوں نے جانوں کا نذرانہ دےکر وطن عزیز کا دفاع کیا،بطور صدر یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ رہیں گے۔
آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا جارہا ہے
یاد رہےکہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے کی جانےوالی فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتےہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیاروں کو گرایا اور پھر 10 مئی کو اپنی خودمختاری کا دفاع کرتےہوئے بھارت کو ایسا جواب دیا جسے نا صرف دنیا نے تسلیم کیا بلکہ بھارت میں بھی اس حوالے سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔