صدر مملکت نے بچوں کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کر دیے

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بچوں کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کردیے۔
بچوں کی شادی کی ممانعت کے قانون کے مطابق نکاح خواں کوئی ایسا نکاح نہیں پڑھائے گا جہاں ایک یا دونوں فریق 18 سال سے کم عمر ہوں،خلاف ورزی کرنے پر نکاح خواں کو ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوسکتا ہے۔
قانون کے مطابق 18 سال سے بڑی عمر کا مرد اگر کم عمر لڑکی سے شادی کرتا ہے تو اسے 3 سال تک قید با مشقت کی سزا ہوگی۔
خیال رہے کہ بچوں کی شادی کی ممانعت کا بل قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی نے پیش کیا تھا جب کہ سینیٹ میں یہ بل پیپلز پارٹی کی شیری رحمان نے پیش کیا تھا۔
قانون میں کہاگیا ہےکہ عدالت کو علم ہوکہ کم عمر بچوں کی شادی کی جارہی ہے تو وہ ایسی شادی کو روکنے کےلیے حکم جاری کرے گی، عدالت کو اطلاع دینےوالا فریق اپنی شناخت چھپانا چاہےتو عدالت اسے تحفظ دےگی۔