وزیر اعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کل شام 7 بجے کریں گے

انتظار کی گھڑیاں ختم چیمپئنز ٹرافی کےلیے دنیا کا چیمپئن اسٹیڈیم میزبانی کےلیے پوری طرح تیار ہوگیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کل 7 فروری شام 7 بجے کریں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کےلیے خاص طور پر جدید طرز سے تعمیر کیے جانےوالے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو شام 7 بجے کیاجائے گا۔اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے کرکٹ کےدیوانوں اور لاہوریوں کےلیے بڑی خوش خبری کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ کےمطابق قذافی اسٹیڈیم کے شاندار افتتاح کے موقع پر معروف گلوکار پرفارمنس دیں گے جس سے لطف اندوز ہونے کےلیے شائقین کو کسی قسم کا کوئی ٹکٹ نہیں خریدنا پڑےگا اور ان کا داخلہ فری ہو گا۔
پرفارم کرنےوالے گلوکاروں میں عارف لوہار،علی ظفر اور آئمہ بیگ شامل ہیں،اس کے علاوہ اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سےشائقین کو اس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے،انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئیے مل کر پاکستان میں کرکٹ کےمستقبل کا جشن منائیں اور اس لمحےکو اپنی یادوں کا حصہ بنائیں۔
واضح رہےکہ چیئرمین پی سی بی اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھاکہ لاہور قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح 7 فروری کو وزیر اعظم پاکستان کریں گے۔
جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ستمبر میں قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل کرنے کےلیے 31 جنوری کا وعدہ کیا تھا،جب کہ ستمبر میں قذافی اسٹیڈیم کا کام شروع کیا تھا۔
انہوں نے بتایاکہ ان سےزیادہ میڈیا نےاس اسٹیڈیم کےکام کی رفتار اور جائزہ لینے کےلیے چکر لگائے ہیں جس پر کسی نے مثبت تنقید بھی کی اور کسی نےمنفی پروپیگنڈا بھی کیا۔
انہوں نےکہاکہ 8 اکتوبر کو اس اسٹیڈیم کی تعمیر کاکام شروع کیا تھا،آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اب اسٹیڈیم کی تعمیر کس مرحلے میں ہیں،چیمپیئنز ٹرافی کی ایک تقریب رونمائی آئی سی سی کے اشتراک سے 16 فروری کو رکھی گئی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی،بھارتی میچ آفیشلز کا بھی پاکستان آنے سے انکار
محسن نقوی نےکہا کہ ہم اپنے مہمانوں کا استقبال کرنے کےلیے پر جوش ہیں، لیکن بارڈر پار بڑے لوگ ہیں جو ایک پتھر بھی غلط لگےتو وہ اسے ڈھونڈنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اللہ نےچاہا تو انہیں کہیں سے بھی ایسا کچھ نہیں ملےگا، ہمارے انتظامات میں کوئی خامی یا کمی کوتاہی نہیں ملے گی۔
انہوں نےکہا کہ اسٹیڈیم میں کرسیوں کے حوالے سے باتیں کی جارہی ہیں،ہم نے یہ کرسیاں چین سے منگوائی ہیں،اس سے پہلےوالی کرسیاں 5 گنا زیادہ مہنگی تھیں، یہ ایچ ٹی پی کی عالمی معیار کی کرسیاں ہیں جن کی گارنٹی 20 سال کی ہے۔