وزیراعظم شہباز شریف اور قطری وزیراعظم کا ٹیلیفونک رابطہ

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم بن جابر الثانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا،جس میں بھارت کی جانب سے پاکستان میں کی گئی حالیہ جارحیت،خطے کی کشیدہ صورت حال اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں پاکستان سے یکجہتی پر قطر کا شکریہ ادا کرتےہوئے بھارتی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
شہباز شریف نے کہاکہ بھارت نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر بلااشتعال میزائل حملےکیے،جن کے نتیجے میں 26 بےگناہ شہری بشمول خواتین اور بچے شہید ہوئے، جب کہ متعدد مساجد کو بھی نقصان پہنچا۔
وزیر اعظم نے واضح کیاکہ بھارت کی یہ کارروائی پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر براہ راست حملہ ہے،جس کا مقصد جنوبی ایشیا کےامن کو تہہ و بالا کرناہے۔
آئینی عدالت نے سویلینز کے ملٹری ٹرائل کی اجازت دے دی
وزیر اعظم نےکہاکہ پہلگام واقعہ کےبعد پاکستان نے بھارتی الزامات کی غیرجانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تھی اور امید تھی کہ قطر جیسے ممالک اس میں کردار ادا کریں گے، لیکن افسوس کہ بھارت نے سفارتی راستہ ترک کر کے جارحیت کا انتخاب کیا،جو اس کی غیرذمہ دارانہ ریاستی سوچ کا عکاس ہے۔
قطر کے وزیر اعظم نے پاکستانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مؤقف کی تعریف کی۔ انہوں نےکہاکہ قطر موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کےلیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کےلیے تیار ہے۔