9 مئی : پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 11 کارکنان کو جرمانے و قید کی سزا

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کو تھانہ رمنا پر حملے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے ایم این اے عبداللطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 کارکنان کو سزائیں سنادیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے فیصلہ سنایا، فیصلے کے مطابق ملزمان کو مجموعی طور پر 15 سال 4 ماہ قید اور جرمانے کی سزائیں دی گئیں۔فیصلے کے بعد عدالت میں موجود 4 ملزمان محمد اکرم،میرا خان،شاہ زیب اور سہیل خان کو پولیس نے موقع پر ہی حراست میں لےلیا، جب کہ غیرحاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔

عدالت نے فیصلہ سناتےہوئے ملزمان سے کہاکہ آپ پر اسلام آباد کے تھانہ رمنا پر حملہ کا الزام ہے،آپ کے خلاف 20 گواہان نے شہادتیں ریکارڈ کرائیں،جن میں مجسٹریٹس بھی شامل تھے۔

عدالت نے کہاکہ کوئی بھی احتجاج کا پر امن طریقہ ہوتا ہے،قانون ہاتھ میں نہیں لیا جاتا،اگر آپ اپنے ہی تھانوں پر حملہ کریں گے تو ملک رہنے کے قابل نہیں رہےگا۔

پولیس نے عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کےبعد کمرہ عدالت میں موجود 4 ملزمان محمد اکرم،میرا خان، شاہ زیب،سہیل خان کو تحویل میں لےلیا جب کہ عدالت نے غیرحاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ۔

عدالت نے ملزمان کو پولیس پر قاتلانہ حملے کےجرم میں 5 سال قید اور 50،50 ہزار روپے جرمانے،موٹر سائیکل جلانے پر 4 سال قید اور 40،40 ہزار روپے جرمانے،تھانہ جلانے کے جرم میں 4 سال قید اور 40،40 ہزار روپے جرمانے جب کہ پولیس کے کام میں مداخلت پر3 ماہ قید کی سزا سنائی۔

عمران کے ساتھی ان کی مسلسل احتجاجی کالز سے تنگ کیوں آ گئے ؟

عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ملزمان کو ایک ماہ قید جب کہ مجمع بناکر جرم کرنےپر 2 سال کی سزا سنائی گئی،اسی طرح دہشت گردی کی دفعات میں ملزمان کو 10،10 سال قید اور 2،2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

عدالت نے اپنےفیصلے میں قراردیا کہ ملزمان نے ریاستی اداروں کےخلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کیا اور انہیں قانون کے مطابق سزادی گئی ہے۔

Back to top button