پنجاب کی ترقی دو صوبائی حکومتوں کے اعصاب پر سوار ہوچکی ہے : عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہناہے کہ پنجاب کی ترقی اور خوش حالی اب دو صوبوں کی حکومتوں کے اعصاب پر سوار ہوچکی ہے، مراد علی شاہ اور ان کی جماعت 16 سال سے سندھ پر حکومت کررہے ہیں،وہ اپنی کارکردگی بتائیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کاکہنا تھاکہ مراد علی شاہ کو سندھ کے کسانوں سے زیادہ پنجاب کے کسانوں کی فکر لاحق ہے، پنجاب کے کسانوں کی فکر کرنے کےلیے پنجاب کے وارث خود موجود ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ کیا سندھ میں کاشت کار نہیں؟ اور کیا سندھ حکومت نے گندم کی قیمت مقرر کی ہے؟انہوں نے مزید سوال اٹھایا کہ کیا سندھ حکومت نےکسانوں سے گندم خریدلی ہے؟
ان کاکہنا تھاکہ مراد علی شاہ اور ان کی جماعت گزشتہ 16 سالوں سے سندھ میں حکمران ہیں،اب انہیں اپنی کارکردگی بتانی چاہیے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک سال میں پنجاب کے کسانوں کو 110 ارب روپے کا تاریخی پیکج دیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ پنجاب کے کسانوں کو کسان کارڈ،گرین ٹریکٹر اور سپر سیڈر بھی فراہم کیے جاچکے ہیں، مریم نواز نے ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن اور گندم پر 15 ارب روپے کا پیکج دیا ہے،انہوں نے دعویٰ کیاکہ پنجاب میں اس سال ریکارڈ گندم کی پیداوار ہوئی ہے اور آئندہ سال اس سے بھی زیادہ پیداوار حاصل ہوگی۔
نواز شریف اور شہبازشریف سے درخواست ہے کہ ماحول خراب کرنے والوں کو سمجھائیں، شرجیل میمن
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ پنجاب کی ترقی اور خوش حالی اب دو صوبوں کی حکومتوں کے اعصاب پر سوار ہوچکی ہے، انہوں نے الزام لگایا کہ مراد علی شاہ سندھ کی مرکزی شاہراہ بند کرنے والے مظاہرین کی حمایت کررہے ہیں، مراد علی شاہ کو گنڈا پور سے مختلف نظر آنا چاہیے۔